اسلام آباد.. مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد کے دائرہ کار کا ابھی تک تعین نہیں ہوا۔وزرائے دفاع کے اجلاس میں دائرہ کار اور مقاصد طے کئے جائیں گے۔پاکستان علاقائی معاملات میں متوازن پالیسی اختیار کئے ہوئے ہے۔جنرل (ر) راحیل شریف کا انسداد دہشتگردی میں وسیع تجربہ ہے، اسی تجربے کی بنیاد پر انہیں اسلامی فوجی اتحادکے سربراہی دی گئی ہے۔ خارجہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔جمعرات کو سینیٹ میں سینیٹر فرحت اللہ بابر کے توجہ دلاو نوٹس کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کی پالیسی10 اپریل 2015ء کو منظور ہونے والی پارلیمنٹ کی قرارداد کے عین مطابق ہے کہ ہم علاقائی معاملات میں توازن برقرار رکھیں گے ۔حرمین شریفین کی حفاظت کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاض اعلامیہ میں اگرچہ ایران کا ذکر ضرور ہے تاہم اس حوالے سے خدشات درست نہیں۔ ایران کے خلاف کارروائی کا مفروضہ درست نہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جنرل (ر) راحیل شریف کی فوجی اتحاد میں موجودگی سے توازن قائم ہوگا۔