Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدرسہ عبداللہ بن عمرؓ کے کامیاب طلباء میں انعامات تقسیم

جدہ ( امین انصاری ) مدرسہ عبداللہ بن عمر ؓ حی العزیزیہ میں حفظ قرآن مجید کے مقابلے اور امتحانات کا انعقاد عمل میں آیا ۔ بہترین کارکردگی پر مدرسے کی جانب سے بچوں کو ترغیبی انعامات سے نوازا گیا ۔ صدر مدرس مولانا یوسف الدین مفتاحی نے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید اسی سینے میں محفوظ رہ سکتا ہے جو قلب مطمئنہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کے نزول کے بارے میں فرمایا کہ اگر ہم اس کو پہاڑ پر نازل کرتے تو پہاڑ ریزہ ریزہ ہوجاتا لیکن اللہ تعالیٰ نے اس قرآن کو اپنے پیارے نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے قلب اطہر پر اتارا اور ان کے ذریعے ہم تک پہنچا ۔ قابل مبارکباد ہے ا مت محمدیہ جو اس عظیم کتاب کو اپنے سینے میں محفوظ رکھتی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر مدرسے کے معلمین سید حبیب الدین احمد،نذیر حسین خان،جمال احمد خان مکتوب،محمد عارف نظام الدین، خالد محمد اور محمد عبدالشکورکا شکریہ ادا کیا ۔ اپنی محنت اور سچی لگن سے امت محمدیہ کو دین اسلام اور قرآن مجید کا علم دے رہے ہیں ۔ صدر مدرس نے بتایا کہ ایک سال میں مسیح الدین جمیل الدین11پارے، ابراہیم مسرت حسین ہاشمی10پارے، عبیداللہ سیف احمد 9پارے ،ابرار اکبر 9پارے اور ابرار سید محمود نے 9پارے حفظ کئے۔ ان طلباء کو مولانا عبدالرحیم بانعیم اور محمد امین الدین انصاری کے ہاتھوں اعزازی انعامات دیئے گئے ۔ امتحان میں امتیازی حیثیت سے کامیابی حاصل کرنے والے طلباء میں صالح بن مبارک،سید عزیز زید، ابراہیم صفی الدین،مسیح الدین ،انس مجیب اللہ،مظہر مبارک،ذیشان،فرحان، امین الدین،عبداللہ حمیداور عبدالحشیر قابل ذکر ہیں جنہیں تحائف دیکر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی انجام دینے والے اساتذہ کو بھی نقد انعامات مولانا عبدالرحیم بانعیم کے ہاتھوں دیئے گئے ۔ صدر مدرس مولانا یوسف نے امسال کی کارکردگی بھی پیش کی اور بہترین نتائج پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیااور اساتذہ کی خدمات کو سراہا ۔

شیئر: