Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر: سعودی عرب نے پاکستان کو 0-4 سے شکست دے دی

فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ 2 میں سعودی عرب نے پاکستان کو 0-4 سے شکست دے دی۔
اس کوالیفائر میچ میں سعودی عرب کی جانب سے صالح الشہری نے چھٹے منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
جمعرات کو الاحسا کے الفتح کلب سٹیڈیم میں ہاف ٹائم تک سعودی عرب کو 0-1 کی سبقت حاصل رہی۔
تاہم دوسرے ہاف میں میچ کے 48 ویں منٹ میں سعودی عرب نے دوسرا گول کر کے اپنی برتری 0-2 کردی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے دوسرا گول صالح الشہری نے پینلٹی کِک پر کیا۔
میچ کے انجری ٹائم میں عبداللہ ردیف اور عبدالرحمان غریب نے بالترتیب تیسرا اور چوتھا گول کر کے سعودی عرب کو 0-4 کی سبقت دلا دی جو میچ ختم ہونے تک برقرار رہی۔ 
میزبان ٹیم کی جانب سے تیسرا گول 91 ویں منٹ جبکہ چوتھا گول 96 ویں منٹ میں کیا گیا۔
سعودی عرب کی ٹیم نے میچ شروع ہوتے ہی پاکستانی ٹیم کے گول پوسٹ پر کئی حملے کیے۔
پاکستانی ٹیم نے بھی میچ کے پہلے ہاف میں بہتر کھیل پیش کیا تاہم ٹیم کوئی گول کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
سعودی عرب کے صالح الشہری کو دو گول کرنے پر ’میچ کا بہترین کھلاڑی‘ قرار دیا گیا۔
فٹ بال کے سعودی شائقین اور مملکت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراد بڑی تعداد میں الاحسا کے الفتح کلب سٹیڈیم میں اس میچ سے لطف اندوز ہوئے۔

سعودی عرب کے صالح الشہری کو دو گول کرنے پر ’میچ کا بہترین کھلاڑی‘ قرار دیا گیا (فوٹو: المنتخب السعودی)

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ مقابلہ ورلڈ فٹ بال کپ 2026 اور ایشیئن کپ 2027 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا حصہ ہے۔
میچ سے قبل سعودی ٹیم کے ٹرینر کا کہنا تھا کہ ’ہم ہر میچ میں اپنی 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔‘
پاکستانی فٹ بال ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ 2 کا دوسرا میچ 21 نومبر کو تاجکستان کے خلاف اسلام آباد میں کھیلے گی۔
اس سے قبل پاکستان نے 17 اکتوبر کو اسلام آباد میں فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر کے پہلے مرحلے میں کمبوڈیا کو 0-1 سے ہرا دیا تھا۔
یاد رہے کہ فیفا کی بین الاقوامی رینکنگ میں سعودی عرب 57 ویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کا نمبر 193 ہے۔

شیئر: