سابق وزیر خارجہ گوہر ایوب خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے
گوہر ایوب خان، سابق فوجی صدر ایوب خان کے صاحبزادے اور پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان کے والد تھے (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان کے سابق وزیر خارجہ اور سابق سپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب خان جمعہ کے روز انتقال کر گئے ہیں۔
گوہر ایوب خان کافی عرصے سے علیل تھے اور اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں زیرِعلاج تھے۔
ان کی نماز جنازہ سنیچر 18 نومبر کو دن 3 بجے اُن کے آبائی گاؤں ریحانہ ضلع ہری پور میں ادا کی جائے گی۔
گوہر ایوب خان 15 جنوری 1937 کو پیدا ہوئے، ان کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور کے گاؤں ریحانہ کی ترین فیملی سے تھا۔
وہ پاکستان کے پہلے فوجی صدر فیلڈ مارشل ایوب خان کے صاحبزادے اور تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان کے والد تھے۔
ان کے بھتیجے یوسف ایوب خان ضلع ناظم ہری پور جبکہ اکبر ایوب خان اور ارشد ایوب خان وزیراعلٰی پرویز خٹک کے دور میں صوبائی وزرا کے عہدوں پر فائز رہے۔
وہ متعدد مرتبہ ہری پور سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، اور وزیراعظم نواز شریف کے دور میں وزیر خارجہ اور سپیکر قومی اسمبلی کے عہدوں پر فائز رہے۔
گوہر ایوب 25 فروری 1997 سے 7 اگست 1998 تک پاکستان کے وزیر خارجہ رہے۔
پاکستان نے جب 28 مئی 1998 کو ایٹمی دھماکے کیے تو اس وقت گوہر ایوب خان پاکستان کے وزیر خارجہ تھے۔
وہ وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے دوسرے دورِ حکومت میں 4 نومبر 1990 سے 17 اکتوبر 1993 تک مسلم لیگ ن کی جانب سے قومی اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر رہے۔