راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس میں چوریاں، لیڈی گینگ کا درجنوں وارداتیں کرنے کا انکشاف
پیر 20 نومبر 2023 10:33
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق گینگ کے تین ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ فوٹو: راولپنڈی پولیس
راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنے والی میٹرو بس سروس میں شہریوں کو لوٹنے والا خواتین کا گینگ پکڑا گیا ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس سجاد احمد نے اردو نیوز کو بتایا کہ شہریوں کی جانب سے متعدد بار میٹرو بس سروس میں چوری کی شکایات درج کرائی گئی ہیں اور کچھ عرصہ سے اس گینگ کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ خواتین گینگ کے 3 ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان سے دو موبائل فون کے علاوہ 4 لاکھ 5 ہزار روپے بھی برآمد کیے ہیں۔
لیڈی گینگ کا طریقہ واردات
ترجمان پولیس سجاد احمد کے مطابق گینگ کی ارکان کا ہدف میٹرو بس پر سوار ہونے والی خواتین ہوتی تھیں جن سے مختلف اشیا چرانے کی کوشش کی جاتی۔
گرفتار خواتین کی شناخت مریم، مختیاراں اور صنم کے نام سے کی گئی ہے۔
یہ گینگ راولپنڈی کے تھانہ وارث خان کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ کی ارکان نے دوران تفتیش درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے جبکہ ان سے مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔
پنجاب ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس میں چوری کی وارداتیں کچھ عرصے سے رپورٹ ہو رہی تھیں جس کے متعلق میٹرو بس انتظامیہ نے پولیس کو آگاہ کیا۔
میٹرو سٹیشن میں داخلے کی حد تک تو انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے لیکن محدود عملے کے باعث بسوں کے اندر ایسی وارداتوں کو روکنا مشکل ہو رہا ہے۔
تاہم چوری کی وارداتوں میں اضافے کے باعث پنجاب ٹرانزٹ اتھارٹی نے سکیورٹی مزید سخت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔