Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیف الیکشن کمشنر کی وزیراعظم سے ملاقات:’عام انتخابات کے لیے تمام ضروری تیاری کر لی‘

پاکستان میں اگلے سال فروی کے مہینے میں ہونے والے انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی نگراں وزیراعظم انوار الحق سے ملاقات ہوئی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں چیف الیکشن کمشنرنے وزیرِاعظم  کو انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کرانے کے لیے تمام ضروری تیاری کر لی ہے۔
’پولنگ اسٹیشنز اور پولنگ سٹاف کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں اور الیکشن مٹیریل کی پرنٹنگ کا کام بھی آخری مراحل میں ہے۔ نیز انتخابی فہرستوں پر Updation   کا کام بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور جلد ہی تمام اضلاع میں انتخابی فہرستیں پہنچا دی جائیں گی۔‘
بیان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن بروقت انتخابات کے انعقاد اور انتخابی شیڈول کے جاری کرنے کا کماحقہ پابند ہے اور انشاللہ اپنی آئینی زمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے سرانجام دے گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے وزیرِاعظم کو عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے الیکشن کمیشن کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
نگران وزیراعظم نے چیف الیکشن کمشنر کو یقین دہانی کرائی کہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا اور الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لیے درکار فنڈز اور مطلوبہ سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا تا کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنا سکے۔
خیال رہے رواں مہینے کے شروع میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے حکم پر صدرِ پاکستان سے مشاورت کے بعد ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے لیے آٹھ فروری 2024 کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔
دو نومبر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ’چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سرابرہی میں کمیشن کے ارکان نے صدر پاکستان سے الیکشن کی تاریخ کے سلسلے میں ملاقات کی جس میں متفقہ طور عام انتخابات کے لیے آٹھ فروری کی تاریخ طے کی گئی۔‘
اس سے قبل الیکشن کمیشن کے وکیل نے سپریم کورٹ میں عام انتخابات کے لیے 11 فروری کی تاریخ دی تھی جس پر عدالت نے انتخابات کی مجوزہ تاریخ پر صدر عارف علوی سے فوری مشاورت کر کے حتمی تاریخ طے کرنے کا حکم دیا تھا۔
چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے اس معاملے کی سماعت کے دوران کہا تھا کہ جس تاریخ کا اعلان کیا جائے گا، عدالت اس میں توسیع کی کوئی درخواست قبول نہیں کرے گی۔

شیئر: