Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارجنٹائن برازیل ورلڈ کپ کوالیفائر: تماشائیوں کی لڑائی، میسی کا کھیلنے سے انکار

ارجنٹائن اور برازیل کے درمیان میچ تماشائیوں کی لڑائی کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔ فوٹو: اے پی
فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائرز ٹورنامنٹ میں ارجنٹائن نے برازیل کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی ہے۔
ارجنٹائن اور برازیل کے درمیان میچ تماشائیوں کی بدمزگی اور لڑائی کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔
ویب سائٹ ’لائیو منٹ‘ کے مطابق جنوبی امریکہ کی دونوں بڑی ٹیموں کے درمیان ریو ڈی جنیرو کے تاریخی ماریکانا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ سے پہلے حالات شدید خراب ہوئے جس کے باعث برازیل کی پولیس کو مداخلت کرنا پڑ گئی۔
میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے فینز کے درمیان کشیدگی رہی اور فینز آپس میں لڑتے نظر آئے۔
پولیس نے میچ سے قبل بدمزگی پیدا کرنے والے ارجنٹائن کے فینز کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھیوں کا استعمال کیا جبکہ اس دوران ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کو صورتحال کو قابو کرنے کے لیے درمیان میں آنا پڑا۔
اس صورتحال کے باعث سپرسٹار فٹبالر لائنل میسی اور ارجنٹائن کے باقی کھلاڑی گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔
 
لیونل میسی نے اس افراتفری میں کھیلنے سے ہچکچاہٹ کا اظہار کیا اور کہا کہ ’ہم نہیں کھیل رہے، ہم جا رہے ہیں‘ تاہم دونوں ٹیمیں تقریباً 30 منٹ کی تاخیر کے بعد دوبارہ سٹیڈیم میں واپس آگئیں لیکن میچ کے دوران سٹیڈیم کا ماحول کشیدہ رہا اور کئی تماشائیوں کو پولیس نے گرفتار بھی کیا۔
اس میچ میں ارجنٹائن نے برازیل کو 63ویں منٹ میں نکولاس اوٹامینڈی کے گول کی بدولت شکست دے دی۔
یہ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں برازیل کی لگاتار تیسری شکست ہے جبکہ ہوم گراؤنڈ پر برازیل کو 1954 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کوالیفائر کے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

شیئر: