مسجد نبوی کے کتب خانے سے گزشتہ برس ایک لاکھ 10 ہزار زائرین مستفیض ہوئے۔ کتب خانے میں قرآن کریم کے 250 قدیم ترین نسخوں کے علاوہ دیگر نادر کتب کا بھی شاندار ذخیرہ موجود ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد نبوی کے کتب خانے میں 4052 نادر قلمی نسخے موجود ہیں۔ اس کے علاوہ 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد ڈیجیٹل طریقے سے محفوظ کیے گئے نادر نسخے بھی رکھے گئے ہیں جن سے کتب خانے میں آنے والا ہر شخص مستفیض ہو سکتا ہے۔
کتب خانے میں 7 ہزار سے زائد نادر کتابیں اور 4 ہزار 600 کے قریب تصویری مخطوطات بھی رکھے گئے ہیں جو مختلف ادوار میں تیار کیے گئے تھے۔
مسجد نبوی کے کتب خانے میں قدیم و نادر قلمی نسخوں کو جدید ترین ڈیجیٹل ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے محفوظ کیا گیا ہے جس سے ان نسخوں کی ڈیجیٹل کاپی سے زائرین مستفیض ہو سکتے ہیں۔
مسجد نبوی کا کتب خانہ 1352 ھ مطابق 1933 میں قائم ہوا تھا۔ کتب خانے کے مختلف شعبے ہیں جن میں مطالعے کے لیے لائبریری بھی شامل ہے۔ کتب خانے میں مرد و خواتین کے لیے الگ الگ جگہیں ہیں جبکہ بچوں کے لیے بھی اہم معلوماتی کتب فراہم کی گئی ہیں۔
مسجد نبوی میں درس قرآن اور جمعے کے خطبوں کی ریکارڈنگ محفوظ رکھنے کے لیے ڈیجیٹل لائبریری بھی موجود ہے جن سے کسی بھی کوئی بھی درس بآسانی سنا جا سکتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں