سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے زائرین کو مشورہ دیا کہ ’عمرہ کرنے کا بہترین وقت صبح ساڑھے سات سے ساڑھے دس اور رات گیارہ سے دو بجے تک ہے‘۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اپنے آفیشل ایکس کاونٹ پر ایک بیان میں کہا کہ ’عمرے کی ادائیگی کے لیے ہفتے میں سب سے کم رش والے دن اتوار، منگل اور بدھ ہیں‘۔
مکہ مکرمہ میں ان دنوں موسم انتہائی خوشگوار ہے۔ اس دوران زائرین آرام وسکون کے ساتھ عمرہ ادا کرسکتے ہیں۔
قبل ازیں وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا تھا کہ زائرین عمرہ پرمٹ حاصل کرکے مقررہ قوانین کی پابندی میں تعاون کریں۔
واضح رہے بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف ممالک سے عمرہ زائرین بڑی تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔