اسلام آباد- -- قومی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر عماد وسیم نے کہا ہے کہ میرے لئے ٹیم کی جیت انفرادی ریکارڈ سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے ۔ کالی آندھی کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلانے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج جمعہ کو کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں گرین شرٹس نے عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو 3-0 سے وائٹ واش کیا تھا۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میری کارکردگی ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ٹیم کی جیت کے کام آئی، ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنا بلاشبہ اعزاز کی بات ہے تاہم میرے لئے انفرادی ریکارڈ سے زیادہ ٹیم کی جیت اہم ہوتی ہے۔