Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں انتہائی لگژری مہمان نوازی کے لیے عالیشان عمارات

ہمارا عزم ہوٹل انڈسٹری میں پرتعیش مہمان نوازی کے تجربے کو نئے سرے سے متعین کرنا ہے۔ فائل فوٹو پی آئی ایف
مملکت میں اپنی نوعیت کی پہلی انتہائی لگژری مہمان نوازی کی تنظیم ’بوتیک گروپ‘ انٹرنیشنل لگژری ٹریول مارکیٹ کانز(فرانس) میں 4 تا 7 دسمبر مملکت کے لگژری ہوٹلوں کی نمائش کرے گی۔
عرب نیوز کے مطابق پبلک انویسٹمنٹ فنڈ(پی آئی ایف) کے زیرانتظام مملکت میں سیاحتی صنعت کی ترقی اور فروغ کے لیے وزارت سیاحت اور وزارت ثقافت کی کوششوں کی حمایت کے لیے یہ گروپ قائم کیا گیا ہے۔

یہ سرکردہ گروپ تاریخی اور ثقافتی لحاظ سے اہم محلات کے اندر انتہائی لگژری ہوٹل تیار کرتا ہے جو اس سے قبل بھی وی آئی پی مہمانوں کے لیے آرام و آسائش کے لیے استعمال ہوتے رہے ہیں۔
انتہائی لگژری بوتیک ہوٹل کمپنی کا کہنا ہے کہ  ہمارا عزم ہوٹل انڈسٹری میں نئے معیار قائم کرنا اور مملکت میں پرتعیش مہمان نوازی کے تجربے کو نئے سرے سے متعین کرنا ہے۔
ملکی اور بین الاقوامی مسافروں کو روایت سے متاثر ہو کر مملکت  کے جدید دور کے معیار کو پرکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

بوتیک گروپ کے زیرانتظام ہوٹل کے طور پر استعمال کی جانے والی انتہائی اہم اور نایاب عمارات شامل ہیں جن میں اس سے قبل عوام کی رسائی نہیں تھی۔
انتہائی لگژری ہوٹل میں تبدیل کی جانے والی عمارت میں ریاض کا سرخ محل ہے جو کبھی شاہ سعود کا  مسکن ہوتا تھا اور بعد میں تین دہائیوں تک کونسل آف منسٹرز کے دفاتر کے طور پر زیراستعمال رہا۔
اس کے علاوہ جدہ میں قائم انتہائی عالیشان الحمرا پیلس ہے جہاں اس سے قبل کئی ممتاز بین الاقوامی عوامی شخصیات کو رہائش فراہم کی گئی ہے۔

الٹرا لگژری ہوٹل کے طور پر استعمال کی جانے والی تیسری عمارت ریاض میں اہم ترین اور خوبصورت شاہکار تویق محل ہے جسے فن تعمیر کا آغا خان ایوارڈ مل چکا ہے۔
بوتیک گروپ نے کہا ہے کہ مقامی تاریخ اور ثقافت کا احترام کرتے ہوئے ان تینوں محلوں کی مکمل طور پر تزئین و آرائش کرکے مہمان نوازی کے شاندار تجربات پیش کئے جائیں گے۔
سعودی مہمان نوازی اور خاص روایات کا مطابق اس منصوبے کے تحت مہمانوں کو اعلیٰ ترین معیار کی خدمات پیش کئے جانے پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔
 

شیئر: