گوانگ ژو...... یانگشی صوبے کے اس شہر میں ایک عجیب و غریب حادثہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب ایک بھاری بھرکم کچھوا کثیر المنزلہ عمارت کی 26 ویں منزل سے نیچے گرا اور نیچے کھڑی کار کی چھت پر گرنے سے نہ صرف کار کی چھت بیٹھ گئی بلکہ ونڈ اسکرین بھی ٹوٹ گئی اور دروازہ اور سائڈ مرر کو بھی نقصان پہنچا۔ تباہ ہونے والی کار کالے رنگ کی ٹویوٹا تھی۔ کہا جاتا ہے کہ یہ کچھوا عمارت کی 26ویں منز ل پر رہنے والی خاتون نے ایک دن قبل ہی خریدا تھا۔ اب کار کا مالک اس خاتون سے ہرجانہ طلب کررہا ہے مگر مسز ہو نامی خاتون کا کہناہے کہ کچھوا انکے کچن سے نہ جانے کیسے نکل بھاگا اور حادثاتی طور پر بلڈنگ سے باہر نیچے جاگرا جس سے کار تباہ ہوئی ہے اسلئے وہ ہونے والے نقصان کی ذمہ دار نہیں۔کانکن نیوز ایجنسی کی جانب سے اطلاعات کے مطابق بلندی سے نیچے گرنےوالا کچھوانرم خول والا تھا ۔ کچھوے کے گرنے کا واقعہ رات کے وقت پیش آیا اور شو اس وقت ہوا جب کار کا مالک گھر سے باہر نکلا اور اپنی کار کی یہ درگت دیکھی۔ جسکے بعد عمارت میں رہنے والے دیگر لوگوں کو بھی اس واقعہ کے بارے میں علم ہوا۔ خاتون کی اس تاویل پر لوگ بھی مسکرا رہے ہیں کہ کچھوا انہوں نے خریدا ضرور تھا مگر وہ رات کے وقت کچن سے نکل کر بالکنی کی طرف چہل قدمی کیلئے چلا گیا تھا اور اسی دوران وہ باہر جاگرا۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس اہلکار نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔