Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دونوں میں احترام کا رشتہ ہے،‘ سرفراز احمد اور سعود شکیل میں ’بحث‘ کیوں؟

پاکستان کی ٹیم اس وقت تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی سوشل میڈیا پر گذشتہ دو روز سے ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں کرکٹ ٹیم کو دو کھلاڑیوں سابق کپتان سرفراز احمد اور سعود شکیل کو بحث کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر متعدد اکاؤنٹس کی جانب سے شیئر کی گئی اور یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ سرفراز احمد اور سعود شکیل میں تکرار آسٹریلیا میں پریکٹس کے دوران ہوئی۔
ویڈیو میں سعود شکیل سرفراز احمد کو کہتے ہوئے نظر آئے کہ ’کب تک کام آؤں گا میں آپ کے؟‘
جس کا جواب دیتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ’میرے کوئی کام نہیں آؤ گے بھائی، پہلی بات تو یہ ہے کہ میں نے تو کچھ کہا ہی نہیں ہے آپ کو۔‘
اس کے بعد سرفراز احمد نے دوبارہ سعود شکیل کو کچھ کہا جس کا جواب انہوں نے دیا کہ ’کام تو آیا نہ میں۔‘
ویڈیو دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے بیچ یہ ’بحث‘ کیوں شروع ہوئی لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سرفراز احمد اور سعود شکیل کے درمیان اختلافات کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔
پاکستان کے مقامی سپورٹس چینل ’جیو سُپر‘ کے مطابق اس ویڈیو کے حوالے سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ’سرفراز احمد اور سعود شکیل کی وائرل ہونے والی ویڈیو اور اس متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔‘
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’سعود اور سرفراز مذاق کر رہے تھے اور اپنے فزیو اور ٹرینز کے حوالے سے بات کر رہے تھے۔ دونوں میں احترام کا رشتہ ہے اور اسی لیے اختلافات کی باتیں بے بنیاد ہیں۔‘
پاکستان کی ٹیم اس وقت تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ 14 نومبر کو پرتھ میں شروع ہوگا۔

شیئر: