ریاض میں تاریخی میچ، رونالڈو اور میسی مدمقابل ہوں گے
’میسی اور رونالڈو کے مقابلے کو ’The last dance‘ نام دیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
امریکی فٹبال ٹیم انٹر میامی نے کہا ہے کہ وہ اپنے سٹار فٹبالر میسی کی قیادت میں ریاض میں الہلال اور النصر سے مقابلہ کریں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کلب فیفا ورلڈ کپ میچز کے تحت انٹر میامی کا پہلا میچ 29 جنوری کو الہلال سے ہوگا جبکہ یکم فروری کو وہ النصر سے مقابلہ کرے گا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ ’کنگڈم اریانا سٹیڈیم میں انٹر میامی کے کپتان میسی اور النصر کے کپتان رونالڈو کے مقابلے کو ’The last dance‘ نام دیا گیا ہے‘۔
انٹرمیامی کے کوچ کریس ہینڈرسن نے کہا ہے کہ ’الہلال اور النصر سے مقابلہ ہماری ٹیم کی صلاحیتوں کا حقیقی ٹیسٹ ہے جس کے بعد ہم نئے سیزن کی تیاری کریں گے‘۔
الہلال اور النصر دونوں کلب سعودی پرو لیگ کی قیادت کرتے ہیں اور رونالڈو اس لیگ کے سب سے زیادہ سکورر ہیں۔
انٹر میامی کے چیف بزنس آفیسر زیویر ایسینسی نے پریس ریلیز میں کہا کہ ’یہ پرجوش شائقین کے ساتھ دیرپا تعلقات بنانے کا ایک اور بڑا موقع ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم سعودی عرب میں نئے حامیوں سے رابطہ قائم کرنے کے لیے پرجوش ہیں، اور یہ بھی امید کرتے ہیں کہ پوری دنیا کے لوگ اس طرح کے میچز یکھنے کے لیے تیار ہوں گے۔‘
میسی اور رونالڈو اپنے کیریئر میں 35 بار ایک دوسرے کا سامنا کر چکے ہیں، ان میچز میں میسی نے 16 جبکہ رونالڈو نے 10 مرتبہ جیت اپنے نام کی، اوران کے درمیان 9 میچ ڈرا ہوئے۔ ان میچوں میں، میسی نے 21 گول اور 12 اسسٹ کیے ہیں، جبکہ رونالڈو نے 20 گول اور 1 اسسٹ کیا ہے۔
میسی اور رونالڈو دونوں مجموعی طور پر 13 بیلن ڈی آر ایوارڈز جیت چکے ہیں، جس میں ارجنٹائن اس دوڑ میں آٹھ، پانچ سے آگے ہے۔