Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امت مسلمہ کو متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے، ابوتراب

شیخ سعید کی طرف سے افطار ڈنر میں کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک، امہ کی ترقی وخوشحالی کے لئے دعا کریں، شرکاء کا خطاب
 
ریاض(ذکاء اللہ محسن) معروف بزنس مین شیخ سعید کی جانب سے کمیونٹی ممبران کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا گیا جس میں سیکڑوں مرد وخواتین نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر معروف عالم دین اور جماعت اہلحدیث کے رہنما علی محمد ابوتراب نے کہا کہ اس وقت امت کے متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے تاکہ امت کو درپیش چیلنجز کو آسانی کے ساتھ حل کیا جائے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جس طرح تمام اسلامی ممالک کو اکٹھا کرکے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عملی کوششیں کرنے کی بے مثال روایت قائم کی ہے، ہمیں بھی پاکستان میں اکٹھا ہو کر دہشت گردی کو ختم کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔پاکستان اقوام عالم کے ساتھ ساتھ مسلم دنیا میں بھی بلند مقام رکھتا ہے۔ اس لئے اس  کو سیاسی ،اقتصادی اور عسکری لحاظ سے مستحکم کرنے میں ہمیں ملکر کردار ادا کرنا ہوگا۔ پنجاب ایڈوائزری کونسل کے ممبر اور راشد محمود بٹ نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی بہت خوش قسمت ہے جو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ماہ صیام کو گزارتے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکبانوں کی طرف سے سحری اور افطاری کی محفلیں سجائی جاتی ہیں جن میں مل بیٹھنے کا موقع ملتا ہے۔ شیخ سعید احمد نے مہمانوں کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کی ساعتوں کو سمیٹنے کے لئے پوری امت مسلمہ عبادات میں مشغول ہے۔ اپنی عبادات میں مسلم دنیا کی ترقی و خوشحالی کی دعائیں کریں کہ اللہ ہم سب پر اپنا کرم کرے۔نظامت کے فرائض وقار نسیم وامق جبکہ محمد اصغر چشتی نے عارفانہ کلام سنا کر حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔
 
 
 
 
 
 
 

شیئر: