’یہ خوشی کے آنسو ہیں‘ سعودی استاد کی 30 سال بعد شاگردوں سے ملاقات
’یہ خوشی کے آنسو ہیں‘ سعودی استاد کی 30 سال بعد شاگردوں سے ملاقات
اتوار 24 دسمبر 2023 23:16
یقین نہیں آرہا کہ میرے شاگرد آج میری عزت افزائی کے لیے موجود ہیں (فوٹو سبق)
ایک سعودی استاد کی خوشی کی انتہا اس وقت ناقابل بیان ہوگئی جب ان کے کئی شاگرد 30 سال بعد ایک ساتھ ملنے کے لیے سکول پہنچے۔
سبق ویب کے مطابق استاد اور شاگردوں کی ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جسے سراہا جا رہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے استاد سلمان الشھری کے اپنے شاگردوں کو دیکھ کر خوشی سے آنسو نکل آتے ہیں اور بڑی مشکل سے اپنے آنسوؤں پر قابو پاتے ہوئے سب سے گلے ملتے ہیں۔
اس موقع پر شاگردوں اور استاد میں محبت و جذبات سے بھرے مکالمے بھی ہوئے۔
سعودی استاد پرانی یادیں تازہ کرتے ہوئے سب سے پہلے شاگردوں کو پی ٹی کرواتے ہیں جس پر تمام شاگرد خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔
اس کے بعد تمام شاگردوں نے سکول کے دنوں کو یاد کیا اور استاد کے پڑھانے اور ان کے کام کی تعریف کی۔
نایف الیزیدی نے کہا کہ ’استاد سلمان الشھری کے ساتھ گزارے ہوئے تعلیمی سال ناقابل فراموش ہیں۔ ہم آج جو کچھ ہیں ان کی بدولت ہیں‘۔
سحیم الیزیدی نے کہا کہ ’ جس محبت اور شفقت سے ہمیں پڑھایا وہ ہم کبھی نہیں بھول سکتے‘ـ
ایک اور شاگرد نے کہا کہ ’ان کے پڑھانے، سمجھانے کے طریقے کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ آج ہم ان کے سکھائے ہوئے علم کی بدولت اس مقام پر ہیں‘۔
انہوں نے ہمیں اپنا سمجھ کر پڑھایا۔ یہ ان کے ساتھ ہماری محبت ہے جو آج ہم سب یہاں جمع ہیں‘۔
حسن الیزیدی کا کہنا تھا ’ہمیں اس قابل بنانے پر استاد سلمان الشھری کا جتنا شکریہ ادا کیا جائے کم ہے کیونکہ یہ اپنے کام سے وفادار رہے۔ ان کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے‘۔
آخر میں استاد سلمان الشھری نے اپنے آنسو ضبط کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ خوشی کے آنسو ہیں۔ مجھے یقین نہیں آرہا کہ میرے شاگرد آج میری عزت افزائی کے لیے یہاں پر موجود ہیں۔ میں ان کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات کو آج بھی محسوس کررہا ہوں‘۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں