Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان کو چاہت ہی بچا سکتا ہے‘ چاہت فتح علی خان بھی الیکشن کے لیے میدان میں

اپنے ’مزاحیہ‘ گانوں سے شہرت پانے والے گلوکار چاہت فتح علی خان نے 2024 کے عام انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے چاہت فتح علی خان نے تصدیق کی کہ انہوں نے لاہور کے حلقہ این اے 128 سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
ویڈیو پیغام میں چاہت فتح علی خان کا کہنا تھا ’میں چاہتا ہوں کہ میں عوام میں رہ کر سب کی خدمت کروں، ہر طرف خوشیاں ہی خوشیاں آئیں گی۔ میں لاہور کے حلقہ این اے 128 سے الیکشن لڑنے والا ہوں، بھنگڑے بھی ہوں گے اور خوشیاں بانٹی جائیں گی۔‘
چاہت، جن کا اصل نام کاشف رانا ہے، نے اپنے وکیل کے ذریعے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
پیر کے روز اپنے ایک اور ویڈیو پیغام میں چاہت فتح علی خان نے بتایا کہ وہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے حلقہ این اے 128 سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے ووٹ کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ سب نے پاکستان کی محبت اور خدمت کیلئے ووٹ دینا ہے، میں اپنی سرزمین پاکستان اور آپ کی خدمت کروں گا۔‘
چاہت فتح علی خان کی ویڈیوز شیئر ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے کمنٹس پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے انسٹاگرام پوسٹ کے نیچے کمنٹ کیا ’جو اس ملک کے حالات ہیں، چاہت صاحب بہت اچھے امیدوار ہیں جو ملک کی تباہی کا عمل تیز کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔‘ 

ملک گدیل نامی صارف نے لکھا ’میں نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ پاکستان کو صرف چاہت ہی ٹھیک کر سکتا ہے۔‘

نعمان عزیز نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کمنٹ کیا کہ ’ اک بات لکھ لیں، آپ کے چاہنے والے کروڑوں ہیں پر آپ کو ووٹ صرف 4 ملنے ہیں۔‘
محبوب ربانی نے اپنے کمنٹ میں لکھا ’چچا کس کام میں پڑ گئے ہو، نا گلوکاری صحیح آتی ہے نہ ایکٹنگ، پتا نہیں کس نے آپ کو الیکشن لڑنے کا مشورہ دیا۔‘
 

شیئر: