Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایئر العربیہ کا 10 جنوری سے کابل کے لیے روزانہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان

ایئرالعربیہ دوسری اماراتی ایئرلائن بن گئی ہے جو افغان دارالحکومت کے لیے پروازیں چلائیں گی۔ (فوٹو: اایکس)
متحدہ عرب امارات کی ایئرلائن ’ایئرالعربیہ‘ نے کابل کے لیے روزانہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایئرالعربیہ دوسری اماراتی ایئرلائن بن گئی ہے جو افغان دارالحکومت کے لیے پروازیں چلائے گی۔
شارجہ سے چلنے والی ایئرلائن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمپنی 10 جنوری سے کابل کے لیے روزانہ ایک براہ راست پرواز چلائے گی۔
کمپنی کے سی ای او عادل العلی کے کہنا ہے کہ کابل کے لیے نئی پروازیں مسافروں کو مناسب قیمت پر سفری سہولت فراہم کرنے اور نئی منازل کی تلاش کے ہمارے عزم کا اظہار ہے۔
گذشتہ مہینے امارات ہی کی سستی ایئرلائن فلائی دبئی پہلی بین الاقوامی کمپنی بن گئی تھی جس نے 2021 میں امریکی انخلا کے بعد افغانستان کے لیے پروازیں شروع  کی تھیں۔
افغانستان سے بڑی تعداد میں انخلا اور اس کے احاطہ میں خودکش حملے کے بعد کابل ایئرپورٹ  غیرفعال ہوگیا تھا۔ خود کش حملے میں 170 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں 13 امریکی فوجی بھی شامل تھے۔
کابل ایئرپورٹ کی مکمل فعالیت کو افغانستان کی تباہ حال معیشت کی بحالی کے لیے اہم تصور کیا جا رہا ہے۔
فلائی دبئی کے علاوہ اس وقت افغانستان کی خام ایئر اور آریانا ایئرلائن کابل سے مختلف ممالک بشمول ماسکو، اسلام آباد اور استنبول  کے لیے محدود پروزیں چلاتی ہیں۔
گذشتہ سال متحدہ عرب امارات کی کمپنی جی اے اے سی نے افغانستان کی فضائی ٹریفک کو چلانے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیا تھا۔ مذکورہ معاہدے کے بعد امید تھی کہ بین الاقوامی ایئرلائنز کابل کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کریں گی۔
 

شیئر: