غیر استعمال شدہ کپڑے سے منفرد ہینڈ بیگز تیار کرنے والی جدہ یونیورسٹی کی ہونہار طلبہ
غیر استعمال شدہ کپڑے سے منفرد ہینڈ بیگز تیار کرنے والی جدہ یونیورسٹی کی ہونہار طلبہ
پیر 1 جنوری 2024 16:07
یہ ہینڈ بیگز مخصوص ایونٹس یا انسٹاگرام پیج کے ذریعے فروخت کیے جا رہے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ یونیورسٹی سے فیشن ڈیزائنر کی ڈگری حاصل کرنے والی دو سعودی خواتین نے غیر استعمال شدہ کپڑوں سے ماحول دوست ہینڈ بیگز تیار کر کے سعودی برانڈ کا آغاز کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کندہ جمبی اور زینب ابومنصور دوست ہیں اور مستقبل میں کاروباری شراکت دار بننے کا عزم رکھتی ہیں۔
انہوں نے اپ سائیکلنگ کے تصور کو اپناتے ہوئے ضائع شدہ اضافی کپڑے کے ٹکڑوں کو نئے انداز کے ساتھ منفرد پہچان دی ہے۔
کندہ جمبی نے بتایا ہے کہ دوران تعلیم انہوں نے محسوس کیا کہ ’فیشن انڈسٹری میں غیر استعمال شدہ اضافی کپڑے کی بڑی مقدار ضائع کر دی جاتی ہے جسے ہم نے قابل استعمال بنانے اور کچھ نیا تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔‘
کندہ اور زینب نے اپنے برانڈ کو ’ٹرائیڈ‘ کا نام دیا ہے جو جدید انداز کے ساتھ موتیوں اور سیپیوں کی مدد سے منفرد قسم کے ہاتھ سے تیار کردہ بیگز تیار کرتا ہے۔
زینب نے بتایا کہ ’ہم ذاتی طور پر ہینڈ بیگ استعمال کرتی ہیں اور ہمیں ہمیشہ ایک ایسے بیگ کی ضرورت ہوتی ہے جو پائیدار اور جاذب نظر ہونے کے ساتھ روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کے وزن کو سنبھال سکے۔‘
جمبی نے بتایا کہ ’ہم نے سعودی برانڈ پیش کرنے کے خیال سے ایسے ہینڈ بیگز کی تیاری میں منفرد ٹوٹکے استعمال کیے جو ہر فرد کی ذاتی ضرورت کے مطابق ہو اور انہیں مارکیٹ میں دستیاب ہو۔‘
مقامی فیشن مینوفیکچرنگ میں اپنی مہارت کو سامنے رکھتے ہوئے زائد کپڑے کو ضائع ہونے سے بچانے کے ساتھ ساتھ خوبصورت اور فیشن ایبل مصنوعات تیار کر رہی ہیں۔
ان کا تیار کردہ ہر ہینڈبیگ آرٹ کا شاندار نمونہ ہے اور منفرد رنگوں کا امتزاج ہے اور انہیں دکانوں پر رکھے بڑے پیمانے پر دیگر بیگز سے منفرد حیثیت دیتا ہے۔
زینب نے بتایا ہے کہ ’ہر فیشن ڈیزائنر کی طرح ہم نے شروع میں ہینڈ بیگز کے ڈیزائن اور اور دلکش خاکے بنانا شروع کیے۔ اس کے بعد متعدد کپڑوں کا انتخاب کیا جو روزمرہ کے استعمال کے لیے موزوں ہوں اور ڈیزائن کی مطلوبہ شکل کو برقرار رکھ سکیں۔‘
کندہ جمبی کا کہنا ہےکہ ’تخلیقی صلاحیتوں کی کوئی حد نہیں کیونکہ پائیداری کا تصور ڈیزائنرز کو بہت آگے تک سوچنے کی صلاحیت دیتا ہے۔ ہم ہر کپڑے کے ٹکڑے کو احتیاط سے منتخب کرتے ہیں اور اسے نئے انداز کے ہینڈ بیگ میں بدل دیتے ہیں۔‘
ان کے تیار کردہ ٹرائیڈ بیگز ڈیزائن میں منفرد ہیں اور یہ بیگ ہر فرد کی ذاتی ضرورت پوری کرتے ہیں۔
سعودی ویژن 2030 کو مد نظر رکھتے ہوئے انہوں نے فیشن انڈسٹری میں ایک منفرد جہت کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے جو سعودی فیشن کمیشن کے عین مطابق ہے۔
مضبوط اور جاذب نظر ہینڈ بیگ فی الحال جدہ میں منعقد ہونے والے مخصوص ایونٹس یا ان کے انسٹاگرام پیج ’ٹرائیڈ ایس اے‘ کے ذریعے فروخت کیے جا رہے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں