بلاول بھٹو سندھ سے قومی اسمبلی کے دو حلقوں سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
سابق صدر آصف علی زرداری بے نظیرآباد سے الیکشن لڑیں گے جبکہ آصفہ بھٹو زرداری کا نام امیدواروں کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
پی پی پی کی جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سندھ کے حلقہ این اے 194 لاڑکانہ اور حلقہ این اے 196 قمبر شہداد کوٹ سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔
سابق صدر آصف علی زرداری اپنے آبائی علاقے بے نظیر آباد (نواب شاہ) این اے 207 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔
سکھر سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ این اے 201 سکھر سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔
پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری این اے 209 سانگھڑ سے امیدوار ہوں گی۔ اسی طرح سابق وفاقی وزیر قادر پٹیل کراچی کے حلقہ این اے 243 سے پی پی پی کے امیدوار ہیں۔
کراچی میں منی لاڑکانہ کہلانے والے علاقے لیاری این اے 239 سے اس مرتبہ بلاول بھٹو زرداری کی جگہ نبیل گبول پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔
حال ہی میں پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے والے شہریار خان مہر شکار پور کے حلقہ این اے 193 سے پی پی کے امیدوار ہیں ۔ علی گوہر خان مہر گھوٹکی کے حلقہ این اے 199 سے الیکشن لڑیں گے۔
سابق رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ این اے 201 سکھر سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیں گے(فائل فوٹو: پی پی پی، فیس بک پیج)
صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی فہرست کے مطابق سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اپنے آبائی علاقے جامشورو کے حلقہ پی ایس 77 سے الیکشن لڑیں گے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور لاڑکانہ کی نشست پی ایس 10 سے الیکشن میں حصہ لیں گی جبکہ ان کی دوسری بین سابق صوبائی وزیر عذرا پیچوہو بے نظیرآباد کے پی ایس 36 سے الیکشن میں حصہ لیں گی۔
سابق صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن حیدرآباد پی ایس 61 سے جبکہ ناصر حسین شاہ سکھر کے پی ایس 25 سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی پی ایس 9 شکارپور سے پی پی کے امیدوار ہیں۔ ان کے علاوہ پارس ڈیروں پی ایس 43 سانگھڑ سے، ہری کشوری لال پی ایس 45 میرپور خاص سے الیکشن لڑیں گے۔