ریاض میں گاڑیوں کو نقصان پہنچانے اور روندنے کی کوشش، شہری گرفتار
ملزم کو قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دیا گیا( فوٹو: سکرین گریب)
سعودی سیکیورٹی حکام نے ریاض میں ایک شہری کو لاپرواہی سے گاڑی چلانے، جان بوجھ کر گاڑیوں کو ٹکر مارنے اور ایک شخص کو روندنے کی کوشش پر گرفتار کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ریاض محکمہ ٹریفک نے اپنے بیان میں کہا کہ ملزم کو حراست میں لے کر ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دیا گیا۔
سیکیورٹی حکام نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کلپ کا نوٹس لیا تھا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لینڈ کروزر کا ڈرائیور ایک شخص کو روندنے اور متعدد گاڑیوں سے دانستہ ٹکرانے کی کوشش کررہا ہے۔ ڈرائیور طبعی حالت میں نہیں تھا۔
ویڈیو میں ایک شخص کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ اس کی ویڈیو بناؤ، ویڈیو بناؤ جبکہ جان بچانے کوشش کرنے والے شخص سے کہا گیا کہ آجاؤ ہماری گاڑی میں بیٹھ جاؤ۔
ویڈیو میں ایک شخص ڈرائیور کو سمجھاتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے۔ وہ بار بار ڈرائیور کو روکنے کی کوشش کرتا رہا مگر ڈرائیور سنی ان سنی کردی۔