متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی الاتحاد ایئر اور فلائی دبئی نے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے لیے اضافی پروازوں کا اعلان کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اتحاد ایئر نے منگل کو بیان میں کہا کہ مئی اور جون کے دوران نئی پروازیں بلغراد، ڈبلن، جنیوا، میلان، پیرس اور ٹورنٹو کے لیے چلائی جائیں گی.
اتحاد ایئر اس سے قبل میلبورن اور لندن کے لیے پروازیں شروع کرچکی ہے جبکہ سڈنی کے لیے بھی پروازیں شروع کی جائیں گی.
مزید پڑھیں
-
کورونا کے بعد زندگی کیسے گزاریں؟
Node ID: 479801 -
امارات: غیر ملکیوں کی واپسی یکم جون سے
Node ID: 479856
بیان کے مطابق اتحاد ایئر نےاطمینان دلایا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک کے لیے سپیشل پروازوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
الامارات الیوم کے مطابق فلائی دبئی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقیم غیرملکیوں کی وطن واپسی کے لیے مزید پروازیں چلائی جائیں گی۔
عالمی ادارہ صحت اور الاماراتی صحت حکام نے تارکین کی وطن واپسی کے لیے پروازیں بڑھانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
فلائی دبئی کے ترجمان نے مزید کہا کہ آئندہ مرحلے میں مزید پروازوں کے شیڈول کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اماراتی وزارت خارجہ نے بیرون ملک مقیم موثر اقامہ ہولڈرز کی یکم جون سے واپسی کا اعلان کررکھا ہے۔ اس فیصلے پر عمل درآمد میں پروازوں میں اضافہ معاون ثابت ہوگا۔
دریں اثنا اتحاد ایئر کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملازمین کی سبکدوشی کا فیصلہ مجبوری میں کیا گیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق الاتحاد ایئر کے ترجمان نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بھی سفر کرنے والوں کی تعداد بے حد محدود رہے گی۔ درپیش بحران سے نمٹنے کے لیے ہمیں مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپنی کو عالمی معیار کے حامل اپنے عملے پرفخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا دنیا بھر کی فضائی کمپنیوں کے لیے ایسے چیلنج لے کر آئی ہے جس سے ماضی میں کبھی واسطہ نہیں پڑا تھا۔ الاتحاد ایئر بھی اس بحرانی صورتحال سے مستثنیٰ نہیں ہے۔