Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات ایئرلائن کے جہاز میں صرف دو مسافر، ’ہم مزاحیہ ویڈیوز بناتے رہے‘

زوئی ڈوئل کا کہنا ہے کہ انہیں بالکل علم نہیں تھا کہ وہ اور ان کی والدہ جہاز میں سفر کرنے والے اکیلے مسافر ہوں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مشرق افریقہ کے جزیرے سیشیلز سے سوئٹزرلینڈ جانے والی پرواز میں دو خواتین اُس وقت حیران رہ گئیں جب انہیں معلوم ہوا کہ امارات ایئرلائن کا جہاز بالکل خالی ہے اور اکانومی کلاس میں اُن دونوں کے علاوہ کوئی اور مسافر موجود نہیں۔
برطانوی اخبار ’انڈیپینڈنٹ‘ کے مطابق 59 سالہ کِمی شیڈل اپنی 25 برس کی بیٹی کی بیٹی زوئی ڈوئل کے ساتھ چھٹیاں منانے کے لیے امارات ایئرلائن کی پرواز سے سوئٹزرلینڈ جا رہی تھیں۔
زوئی ڈوئل کی جانب سے اس سفر کی ایک ویڈیو بھی ٹِک ٹاک پر شیئر کی گئی جسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زوئی ڈوئل کی والدہ دورانِ پرواز امارات ایئرلائن کی ایئرہوسٹس جیسا سکارف پہنے کھڑی ہیں جبکہ ان کی بیٹی وہاں رقص کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔
زوئی ڈوئل کے مطابق خالی جہاز اُن کے لیے ایک ’حیران کُن‘ بات تھی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیں بالکل علم نہیں تھا کہ ہم جہاز میں سفر کرنے والے اکلوتے مسافر ہوں گے۔ میرے خیال میں جہاز میں مزید چار مسافر موجود تھے لیکن وہ فرسٹ کلاس میں موجود تھے اور ہم سے بالکل علیحدہ تھے۔‘
’سیشیلز میں اس موسم میں بارشیں ہوتی ہیں اور یہ کرسمس کا بھی موقع تھا شاید اسی لیے ہمارے ساتھ مزید مسافر موجود نہیں تھے۔‘
جہاز کے عملے کی جانب سے دونوں ماں بیٹیوں کو جہاز کے اندر گھُمایا بھی گیا لیکن انہیں جہاز کے فرسٹ کلاس حصے میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
زوئی ڈوئل کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’ہمیں بہت مزہ آیا۔ ہم جہاز کے عملے سے باتیں کر رہے تھے اور مزاحیہ ویڈیوز بنا رہے تھے۔‘
جنوری 2022 میں بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب ایک برطانوی طالب علم کو معلوم ہوا کہ وہ لندن سے فلوریڈا جانے والی پرواز کے تنہا مسافر ہیں۔
طالب علم نے بھی ٹِک ٹاک پر دو ویڈیوز پوسٹ کی تھیں جس پر لکھا تھا کہ ’اگر آپ کسی جہاز میں اکیلے مسافر ہوں اور پورا جہاز آپ کا اپنا ہو تو آپ کیا کریں گے؟‘

شیئر: