پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نائب صدر شیر افضل مروت کے صدر عارف علوی سے متعلق ایک بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے۔
شیر افضل مروت ان دنوں کراچی میں ہیں۔ انہوں نے وہاں صحافی طارق متین کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
مزید پڑھیں
-
اگر میں صدر نہ ہوتا تو جیل میں ہوتا: ڈاکٹر عارف علویNode ID: 806521
شیر افضل مروت نے کہا کیا؟
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ’عارف علوی کے بیٹے نے ٹکٹ کے لیے اپلائی کیا تھا لیکن میں نے ان کے بیٹے کو ٹکٹ دینے کی مخالفت کی تھی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ پاکستان تحریک انصاف سے اس (عارف علوی) کا پتّا صاف ہو چکا ہے۔ انہوں نے اس وقت ہمارے ساتھ دھوکہ کیا جب وہ حج چلے گئے اور انہوں نے چیئرمین سینٹ اور پی ڈی ایم کو قانون سازی کا موقع دیا۔‘
‘نواز شریف کی جو نااہلی ختم ہوئی ، وہ قانون اس وقت بنایا گیا جب عارف علوی حج پر گئے تھے اور چیئرمین سینیٹ نے ایک رُولنگ دے دی۔ پھر اس دوران کئی متنازع قوانین بنے۔‘
شیر افضل مروت نے کہا کہ ’اگر عارف علوی کہتے ہیں کہ آرمی ایکٹ میں ترامیم پر انہوں نے دستخط نہیں کیے تو میرا سوال ہے کہ آپ نے عدم اتفاق کہاں کیا۔ عارف علوی صاحب رانگ نمبر نکلے ہیں۔‘
‘میری عمران خان کے ساتھ عارف علوی کے معاملے پر دو تین بار بات ہوئی۔ عمران خان سمجھتے ہیں کہ عارف علوی نے ہمارے ساتھ زیادتی کی ہے۔‘
اس بیان کے بعد صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے تو کوئی ردعمل نہیں آیا تاہم ان کے بیٹے اوّاب علوی نے ایکس (ٹوئٹر)ب پر ایک طویل بیان پوسٹ کیا ہے۔
اوّاب علوی کا بیان پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے بھی شیئر کیا گیا ہے۔
صدر علوی بیٹے کا موقف کیا ہے؟
اوّاب علوی نے کہا ہے کہ ’میں صریح الفاظ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ علوی خاندان لاکھوں پاکستانیوں کی طرح پورے عزم کے ساتھ عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ڈاکٹر عارف علوی کے جن فیصلوں کی وجہ سے کنفیوژن اور غلط تشریحات ہو رہی ہیں۔ دراصل وہ اپنے عہدے کی حساسیت کے پیش نظر بہت سے معاملات پر خاموش رہے لیکن ان سب فیصلوں کے پس منظر میں بہت تفصیلات ہیں۔‘
Let me be unequivocally clear - The Alvi family is fully dedicated to Imran Khan & PTI like millions of people in Pakistan. Let there be no doubt
Regarding the confusions & misperceptions about decisions taken by Dr Arif Alvi - due to his position and sensitivity on many matters… https://t.co/4bGkUPkwSZ
— Awab Alvi (@DrAwab) January 15, 2024
اواب علوی نے کہا کہ ’ان میں سے بہت سے باتیں منظر عام پر نہیں لائی جا سکتیں، جلد جب عمران خان جیل سے باہر آئیں گے تو ڈاکٹر علوی ہی انہیں بنا سکیں گے کہ گزشتہ چند مہینوں میں کیا کیا معاملات ہوئے۔‘
’اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ ڈاکٹر عارف علوی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ صدارت کے عہدے کو عمران خان کی امانت سمجھتے ہیں۔ میں پی ٹی آئی کے حامیوں سے کہتا کہ وہ عارف علوی پر بھروسہ رکھیں۔‘
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر ایک صارف حیدر نے لکھا کہ ’انہوں (عارف علوی) نے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ وہ انتخابی نشانوں کے معاملے پر ابھی تک خاموش ہیں۔ کوئی ٹویٹ نہیں؟ اس فراڈ الیکشن کو انہوں نے دنیا کے سامنے بے نقاب کیوں نہ کیا۔‘
ایک صارف عثمان اعوان نے لکھا ’پیٹھ میں چھرا گھونپنا اور پھر کہنا کہ ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔ یہی منافقت ہے۔‘
دوسری جانب کچھ صارفین اواب علوی کے موقف پر مثبت تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
ایک صارف عدنان سردار نے لکھا ’عارف علوی کی مجبوریاں سمجھ سکتے ہیں۔ تفصیلی وضاحت کے لیے شکریہ۔‘