چھ ممالک سے گھریلو عملے کی ریکروٹنگ لاگت میں کمی کا اعلان
فلپائن، سری لنکا، بنگلہ دیش، یوگنڈا، کینیا اور ایتھوپیا سے انتہائی لاگت کم کی (فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے چھ ممالک سے گھریلو عملے کی ریکروٹنگ لاگت کی انتہائی حد میں کمی کی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت افرادی قوت نے بیان میں کہا کہ ’بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر فلپائن، سری لنکا، بنگلہ دیش، یوگنڈا، کینیا اور ایتھوپیا سے درآمد کی لاگت کی انتہائی حد کم کی گئی ہے۔‘
وزارت افرادی قوت نے کہا ہے ’فلپائن سے گھریلو عملے کی درآمد کی لاگت 15900 ریال سے کم کرکے 14700ِ، سری لنکا سے 15 ہزار سے کم کرے 13800 ریال کی گئی ہے۔‘
’بنگلہ دیش سے 13 ہزار سے کم کرکے 11750 ریال، کینیا سے دس ہزار 870 سے کم کرکے نو ہزار، یوگنڈا سے ساڑھے نو ہزار کے بجائے 8300 ریال اور ایتھوپیا سے 6900 سے کم کرکے 5900 ریال مقررکی گئی۔‘
وزارت افرادی قوت نے اس سے قبل ریکروٹنگ کمپنیوں اور ایجنسیوں کے لیے بعض ممالک سے گھریلوعملے کی درآمد کی لاگت کی انتہائی حد مقرر کی تھی۔
وزارت نے سیرالیون، برونڈی سے 7500 ریال جبکہ تھائی لینڈ سے 10 ہزار ریال انتہائی حد مقرر کی ہوئی ہے۔ اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل نہیں ہے۔