Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ججوں کے خلاف سوشل میڈیا مہم، تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ججوں کے خلاف مہم میں ملوث ذمہ داران کا تعین کرے گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
نگراں وفاقی حکومت نے عدلیہ کے سینیئر ججوں کے خلاف سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جاری مہم کا نوٹس لے لیا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق ججوں کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کی نشان دہی کے لیے مشترکہ تحقیقاتی (جے آئی ٹی) ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائم ونگ ایف آئی اے کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔
وزارت داخلہ کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ایف آئی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائم ونگ ہوں گے۔
ٹیم ججوں کے خلاف سوشل میڈیا پر مواد اپ لوڈ کرنے والوں کی نشان دہی کرے گی۔ جے آئی ٹی میں آئی بی کا گریڈ 20 کا ایک اور آئی ایس آئی کا ایک افسر بھی شامل ہوگا۔
ٹیم میں اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی بھی بطور ممبر شامل ہوں گے جبکہ پی ٹی اے کا نمائندہ بھی کمیٹی کا حصہ ہوگا۔
کمیٹی کا دائرہ اختیار کیا ہوگا؟
وزارت داخلہ کی جانب سے قائم ٹیم ججوں کے خلاف مہم میں ملوث ذمہ داران کا تعین کرے گی۔
ٹیم ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تجاویز بھی مرتب کرے گی اور 15 روز میں وزارت داخلہ کو اپنی رپورٹ جمع کروائے گی۔ ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں کمیٹی کا سیکریٹیریٹ قائم کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کیمشن کی درخواست پر پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لینے کے فیصلے کے بعد سپریم کورٹ کے ججوں کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کے بعد وفاقی حکومت نے آج تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے۔

شیئر: