امارات : بینک کی رقم ادا نہ کرنے پر خاتون کے خلاف مقدمے کا فیصلہ
جمعرات 18 جنوری 2024 21:22
خاتون نے بینک سے قرض لے کر قسطیں ادا نہیں کی تھیں(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
ابوظبی کی پرائمری کمرشل کورٹ نے بینک سے قرضہ لے کر گاڑی خریدنے والی خاتون کو قرض ادا کرنے کا حکم صادر کردیا۔ عدالت نے خاتون کو2 لاکھ 88 ہزار 568 درہم ادا کرنے کا پابند بنادیا۔
الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی کے ایک بینک نے عدالت میں کیس دائر کیا تھا جس میں درخواست کی گئی تھی کہ خاتون سے قرضے کی رقم واپس دلائی جائے۔
بینک نے کیس کے اخراجات، وکیل کے محنتانے، ترجمے کی فیس اور دیگر اخراجات دلانے کا بھی دعوی کیا ۔
بینک کا کہنا تھا کہ خاتون نے گاڑی خریدنے کے لیے 1.99 فیصد سالانہ منافع پر دو لاکھ 62 ہزار درہم کا قرضہ لیا تھا۔ طے ہوا تھا کہ 60 ماہانہ اقساط میں قرضہ ادا کیا جائے گا جس کی خاتون نے پابندی نہیں کی۔
عدالت نے حکم نامے میں توجہ دلائی کہ مصدقہ رپورٹ سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ بینک نے خاتون کو گاڑی خریدنے کے لیے 1.99 فیصد سالانہ منافع پر دو لاکھ 62 ہزار درہم کا قرض دیا تھا۔
بینک نے اس حوالے سے کیے جانے والے معاہدے کی پابندی کی گاڑی کی ملکیت خاتون کے نام پر کرائی تاہم خاتون نے اپنا کام نمٹ جانے پر قسطوں کی ادائیگی روک دی۔
خاتون کے ذمے دو لاکھ 88 ہزار 568 درہم واجب الادا ہیں لہذا عدالت حکم دیتی ہے کہ مدعا علیہا مذکورہ رقم ادا کرے ۔ نیز عدالتی اخراجات، وکیل کے محنتانے اور ترجمے کی فیس بھی ادا کرنے کا خاتون کو پابند بنایا تاہم دیگر مطالبات مسترد کردیے۔