Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میچ کے دوران عمران خان کا پوسٹر، پی ٹی وی سپورٹس پر بریک کیوں آگئی؟

پانچ ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل چوتھی کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔
اس میچ سے متعلق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ’کرکٹ اینڈ سٹف‘ نامی اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ میچ کی نشریات کے دوران جب شائقین میں سے ایک شخص کو سابق وزیراعظم عمران خان کا پوسٹر پکڑے دکھایا گیا تو پی ٹی وی نے کچھ سیکنڈز کے لیے میچ کی نشریات منقطع کر دیں۔
ایکس پر پوسٹ کی گئی اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا ’جیسے ہی سکرین پر ایک مخصوص پوسٹر آیا پی ٹی وی کی طرف سے ایک انتہائی ضروری وقفہ لے لیا گیا۔‘
دوسری جانب اس پوسٹ کے وائرل ہوتے ہی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بھی اسے اپنے اکاؤنٹ سے شیئر کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی نے متعلقہ ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اپنے ایکس اکاؤنٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’کوئی جانتا ہے کہ پی ٹی وی نے کرکٹ میچ کی نشریات کو اچانک کیوں بند کر دیا جب انہیں معلوم ہوا کہ عمران خان کا پوسٹر دکھایا جا رہا ہے؟‘
اس حوالے سے پاکستان ٹیلی ویژن کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا اور نہ ہی اس بات کی تصدیق ہو سکی ہے کہ پی ٹی آئی جو دعویٰ کر رہی ہے وہ درست ہے یا نہیں۔

شیئر: