نریندر مودی شہریوں سے ’انڈیا ہی میں شادی‘ کرنے کی اپیل کیوں کر رہے ہیں؟
اتوار 21 جنوری 2024 15:49
نریندر مودی نے کہا کہ ’کیا بیرون ملک شادی کرنا مناسب ہے؟‘ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے بیرون ملک جا کر شادی کرنے والے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو ’انڈیا میں شادی‘ کے لیے حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے تاکہ دولت ملک کے اندر ہی رہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اتوار کو گجرات کے امریلی شہر میں کھودلدھام ٹرسٹ کینسر ہسپتال کی بنیاد رکھنے کی تقریب سے ویڈیو کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے لوگوں سے مقامی سیاحت کو فروغ دینے میں مدد کرنے کی بھی اپیل کی۔
وزیر اعظم نے لیووا پاٹیدار برادری کے ممبروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا بیرون ملک شادی کرنا مناسب ہے؟ کیا ہمارے ملک میں شادی نہیں ہو سکتی؟ انڈیا کی کتنی دولت باہر جاتی ہے۔‘
’آپ کو ایسا ماحول بنانا چاہیے کہ بیرون ملک شادی کی یہ بیماری آپ کی کمیونٹی میں نہ آئے۔ شادی کیوں نہ ماں کھوڈل کے قدموں میں ہو، میں کہوں گا ’انڈیا میں شادی‘، جیسے میڈ ان انڈیا ویسے ہی شادی ان انڈیا۔‘
نریندر مودی نے کہا کہ ان کی حکومت نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں کہ لوگوں کو کینسر کے علاج میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اس بیماری کے لیے طبی دیکھ بھال فراہم کرنے اور سستی قیمت پر ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے تقریباً 30 نئے ہسپتال قائم کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ بیماری کی ابتدائی تشخیص میں مدد کے لیے گاؤں کی سطح پر 15 لاکھ سے زیاد ’آیوشمان آروگیہ مندر‘ (صحت مراکز) بھی بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ملک کے اندر سیاحت کو فروغ دینے میں مدد کریں۔
مودی نے کہا کہ ’جتنا ممکن ہو، پہلے اپنے ملک کا دورہ کریں۔ اگر آپ سفر کرنا چاہتے ہیں تو اپنے ملک کے اندر سفر کریں۔ اپنے ملک کے ارد گرد سفر کریں، اپنے ملک میں سیاحت کو فروغ دیں۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ کینسر جیسی سنگین بیماری کا علاج کسی بھی فرد یا خاندان کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ حکومت نے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ لوگوں کو علاج میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔