Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کے ساتھ قطر کے تعلقات باعث تشویش ہیں، پاکستان علماء کونسل

اسلام آباد(پ ر)پاکستان علماء کونسل نے قطر کی حکومت سے حوثی باغیوں کی امداد اور ایران کے ساتھ عرب ممالک کے خلاف تعلقات پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر کی طرف سے عرب ،اسلامی ، امریکی کانفرنس کے فورا ًبعد 56اسلامی ممالک کی طرف سے انسداد دہشت گردی کے لئے مشترکہ جد وجہد کے اعلان کے بعد ایران کی حمایت کااعلان قابل افسوس ہے۔ قطر کے اس اقدام سے عالم اسلام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور ملت اسلامیہ کمزور ہوئی ہے۔کونسل نے کہا کہ قطر کو شام، عراق اور یمن کے مظلومین کا احساس کرنا چاہئے تھا۔ ایران اور حوثی باغیوں سے ہاتھ ملانے کے بجائے مظلومین شام، عراق اور یمن کی مدد کے لئے آگے بڑھنا چاہئے تھا۔پاکستان علماء کونسل کے قائدین نے انتہاپسندی، دہشت گردی ، فرقہ وارانہ تشدد اور حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی قیادت کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ قطر کی حکومت اپنے موقف پر نظر ثانی کرے۔دپاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئر مین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مسلم امہ کو تقسیم کرنے کی سازشوں کا باہمی اتحاد سے مقابلہ کرنا ہو گا۔ دہشت گرد ، انتہا پسند تنظیموں کا مقابلہ کرنے کیلئے امت مسلمہ اور مسلم ممالک کو متحد ہونا ہو گا۔حافظ محمد طاہر محمو داشرفی ، مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا اسعد زکریا، مولانا عبد الکریم ندیم ، مولانا محمد شفیع قاسمی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ قطر اور عرب ممالک کے درمیان اختلافات پیدا ہونا امت مسلمہ کیلئے افسوس کا سبب ہیں ۔قطر اور عرب ممالک کو معاملات مذاکرات سے حل کرنے چاہئیے۔ حوثی باغیوں ، داعش اور دیگر انتہاء پسند تنظیموں کی معاونت سے عالم اسلام کمزور ہو گا اور ارض حرمین شریفین کیلئے خطرات بڑھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل 13 جون سے 23 جون تک عشرہ وحدت امت منائے گی اور 23 جون کو ملک بھر میں ’’یوم تحفظ ارض حرمین شریفین واقصیٰ‘‘ منایا جائے گا۔

شیئر: