Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں برف باری ، درجہ حرارت منفی ڈگری ہونے کی پیش گوئی

ریاض، قصیم اور مشرقی ریجن میں ہوا کی رفتار 50 کلومیٹر تک چلنے کی توقع ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مملکت کے بیشتر حصوں میں جمعہ تک موسم کی خراب صورتحال برقرار رہنے کی توقع ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق مملکت کے  بعض علاقوں میں برف باری اور درجہ حرارت منجمد ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
موسمیات کے قومی مرکز نے جاری کردہ رپورٹ میں کہا ہے کہ درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ ہلکی بارشوں، گرد آلود ہواؤں اور سمندر میں اٹھتی ہوئی لہروں سے بھی خبردار کیا ہے۔
عسیر کے علاقے میں جمعہ تک ہلکی بارش اور جازان اور الباحہ کے علاقوں میں  درمیانے درجے کی بارش کی توقع کی جا رہی ہے۔
موسمیاتی مرکز نے طائف، میسان، اضم اور العردیات میں جمعرات تک ہلکی بارش کی پیشگوئی کی  ہے۔
تبوک، حفر الباطن، الخفجی، العیص، العلا، ینبع اور خیبر کے علاقوں میں جمعرات اور جمعہ کو اور شمالی سرحدی علاقے اور الجوف میں بدھ کی شام سے جمعہ تک ہلکی بارش کا امکان ہے۔

جازان اور الباحہ میں درمیانے درجے کی بارش کی توقع ہے۔ فائل فوٹو سبق

تبوک، مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ، الجوف، شمالی سرحد اور حائل کے علاقوں میں 45 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زیادہ کی رفتار سے جھکڑ چلنے اور دھول اٹھنے کی پیش گوئی ہے جس کے نتیجے میں جمعہ تک حد نگاہ کم رہے گی۔
علاوہ ازیں دارالحکومت ریاض، قصیم اور مشرقی ریجن کے علاقوں میں لگ بھگ اسی طرح کے موسم کی توقع ہے جس کے ساتھ ہواؤں کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک چلنے کی توقع کی جا سکتی ہے۔
موسمیات کے قومی مرکز نے  رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کو تبوک اور جازان کے ساحلی علاقوں میں 2.5 میٹر سے بلند لہروں کی توقع ہے۔

سیاحتی مقام جبل اللوز پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔ فائل فوٹو مجلہ السیدتی

تبوک کے قریب سیاحتی مقام جبل اللوز(بادام کی طرز کا پہاڑ) نیز الجوف اور شمالی سرحدی علاقوں میں جمعرات اور جمعہ کو ہلکی پھلکی برفباری متوقع ہے۔
مملکت کے علاقوں تبوک، الجوف، شمالی سرحدی علاقے، حائل، العلا اور خیبر میں بدھ اور جمعہ کے درمیان درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس کے درمیان اور صفر سے نیچے گرنے کی پیش گوئی ہے۔
موسمیاتی مرکز نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو کہا ہے کہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر انتباہی ایپس پر موسم کی تازہ ترین معلومات کے لیے اسٹیٹس اپ ڈیٹس رکھیں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی رہنما خطوط، الرٹ اور ہدایات پر عمل کریں۔
 

شیئر: