پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ
پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 272 روپے 89 پیسے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 278 روپے 69 پیسے ہو گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی نگراں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فیکیشن بدھ کو رات گئے وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیا گیا۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 55 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں دو روپے 75 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں تبدیلی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 272 روپے 89 پیسے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 278 روپے 69 پیسے ہو گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ’پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔‘
نوٹی فیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ’پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارش پر کیا گیا۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 259 روپے 34 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 276 روپے 21 پیسے تھی۔