Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نگراں وزیراعظم سے امارات کے وزیر برائے غیرملکی تجارت کی ملاقات

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے غیرملکی تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے ملاقات کی جس میں تجارتی تعلقات میں مزید بہتری لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سنیچر کو وزیراعظم آفس سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے کا متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو کہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ معاشی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے لیے بھرپور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔‘
 ان کا کہنا تھا کہ ’متحدہ عرب امارات کے میرے حالیہ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جس سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔‘
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات 18 لاکھ پاکستانیوں کا گھر ہے جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان ہوا بازی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور ریلوے کنیکٹوٹی کے حوالے سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں اطراف کے عوام کے درمیان روابط میں اضافہ ہو سکے۔‘
بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے غیرملکی تجارت نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات میں مزید بہتری لانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں نگران وفاقی وزیر برائے بحری امور شاہد اشرف تارڑ، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

شیئر: