Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں دوبارہ لڑائی سے ہر قیمت پر گریز کرنا چاہیے: اقوام متحدہ

حماس نے پیر کو کہا تھا کہ وہ اگلے نوٹس تک یرغمالیوں کی رہائی روک دے گا (فوٹو: اے ایف پی)
فلسطین کے شدت پسند گروپ حماس کی طرف سے یرغمالیوں کی رہائی روکنے کے اعلان کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے حماس پر زور دیا ہے کہ وہ منصوبے کے مطابق یرغمالیوں کی رہائی جا ری رکھے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق منگل کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’ہمیں ہر قیمت پر غزہ میں دوبارہ لڑائی سے گریز کرنا ہوگا جو بڑے سانحے کا باعث بن سکتی ہے۔‘
حماس نے پیر کو کہا تھا کہ اسرائیل غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور وہ اگلے نوٹس تک یرغمالیوں کی رہائی روک دے گا۔
حماس نے سنیچر کو فلسطینی قیدیوں اور دیگر افراد کے بدلے میں مزید یرغمالیوں کو رہا کرنا تھا جو عمل گذشتہ تین ہفتوں سے جاری تھا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ’دونوں اطراف کو جنگ بندی کے حوالے سے اپنے وعدوں کی مکمل طور پر پاسداری کرنی چاہیے اور دوحہ میں دوسرے مرحلے کے لیے مذاکرات بحال کرنے چاہییں۔‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو کہا تھا کہ حماس کو سنیچر کی دوپہر تک تمام یرغمالیوں کو رہا کر دینا چاہیے یا پھر وہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کو ختم کرنے کی تجویز دیں گے۔
حماس کے سینیئر عہدیدار سمیع ابو زہری نے منگل کو کہا کہ امریکی صدر کو یاد رکھنا چاہیے کہ یرغمالیوں کو گھر واپس لانے کے لیے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا احترام ہی واحد راستہ ہے۔

 

شیئر: