پاکستان میں ٹوئٹر کی سروس متاثر، صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا
پاکستان میں ٹوئٹر کی سروس متاثر، صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا
ہفتہ 10 فروری 2024 15:03
ٹوئٹر سروس ڈاؤن ہونے کے بعد شہری اس پلیٹ فارم تک رسائی ’وی پی این‘ کو استعمال کر کے حاصل کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں سنیچر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) کی سروس ایک مرتبہ پھر سے متاثر ہوگئی جس کے بعد صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سنیچر کو ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس معمول کے مطابق چل رہی تھی تاہم اچانک سے دوپہر چار سے پانچ بجے کے درمیان ٹوئٹر سروس موبائل فون سمیت ڈیکس ٹاپ پر معطل ہوگئی۔
انٹرنیٹ کی بندش پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ کے مطابق پاکستان میں سنیچر کو دوپہر چار بجے ٹوئٹر سروس متاثر ہونے کی معتدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔
ایک اور ویب سائٹ ’ڈاؤن فار ایوری ون اور می‘ کے مطابق پاکستان میں صارفین کی شکایات موصول ہوئی ہیں کہ وہ ایکس تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔
ملک بھر میں ٹوئٹر سروس ڈاؤن ہونے کے بعد شہری اس پلیٹ فارم تک رسائی ’وی پی این‘ کو استعمال کر کے حاصل کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں انٹرنیٹ کو ریگولیٹ کرنے والے سرکاری ادارے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے ابھی تک ٹوئٹر سروس کے متاثر ہونے کے بارے میں کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی۔