مصر: سوتن کے خوف سے شوہر کو گلا گھونٹ کر قتل کردیا
شوہر سکول میں چوکیدار تھا۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
مصر کی الجیزہ کمشنری میں اسکول چوکیدار کو بیوی نے گلا کھونٹ کر قتل کردیا۔ ملزمہ کا کہنا تھا کہ وہ سوتن کا دکھ برداشت نہیں کرسکتی۔
العربیہ نیوز کے مطابق مصر کی الجیزہ کمشنری کے علاقے شیخ زاید کے ایک اسکول میں چوکیدار کی نعش ملی جس کے گلے پر اسکارف لپٹا ہوا تھا۔
قتل کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جس نے نعش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں قتل کی وجہ سانس گھٹ جانا بتائی گئی تھی۔
واردات کے حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی معائنے میں یہ بات سامنے آئی کہ واردات کے وقت نہ تو کوئی شخص اسکول کے احاطے کے اندر بنے چوکیدار کے مکان میں داخل ہوا اور نہ ہی کسی نے دروازے کو توڑا تھا۔
پولیس نے اپنے شکوک کا اظہار اسکول کے پرنسپل سے کیا جس پرمقتول کی اہلیہ سے تفتیش کا آغاز کیا گیا جس نے واردات کی اطلاع دی تھی۔
دوران تفتیش ملزمہ نے واردات کا اقرار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا شوہر دوسری شادی کرنے جارہا تھا۔ ملزمہ کا مزید کہنا تھا کہ دوسری شادی سے اسے باز رکھنے کی کوشش کی اور سمجھایا بھی مگر وہ باز نہیں آیا جس پر اس کی زندگی ہی ختم کردی کہ میں سوتن کو کسی صورت برداشت نہیں کرسکتی تھی۔
ملزمہ نے خود کو شک سے دور رکھنے کے لیے سب سے پہلے خود ہی پولیس کو واردات کی اطلاع بھی دی تھی۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں