Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا تحریک انصاف اور پرویز خٹک کی پارٹی میں اتحاد ہو رہا ہے؟

پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں کے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز سے اتحاد کی خبریں سامنے آرہی ہیں (فوٹو: فیس بک)
خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے آزاد امیدواروں اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز میں اتحاد کی خبریں گردش کررہی ہیں تاہم دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔
خیبرپختونخوا میں حکومت بنانے کے لیے جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر جماعت اسلامی کے انکار کے بعد اب پرویز خٹک کی جماعت پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز سے اتحاد کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔
اُردو نیوز نے خبر کی تصدیق کے لیے دونوں جماعتوں کے رہنماؤں سے بات چیت کی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما کیا کہتے ہیں؟
پی ٹی آئی کے رہنما اور نو منتخب ایم این اے ارباب شیر علی نے اُردو نیوز کو بتایا کہ پی ٹی آئی پی سے اتحاد کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور نہ ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔
’یہ خبریں دوسری طرف سے پھیلائی جارہی ہیں جس کا مقصد کچھ اور ہے مگر ہماری لیڈرشپ نے ہمیں کوئی ہدایت نہیں دی۔‘
انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ ایک اور جماعت سے بات چیت چل رہی ہے جس میں پیشرفت ہوئی تو میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔ 
پی ٹی آئی کے رہنما کامران بنگش نے موقف اپنایا کہ عمران خان اور کور کمیٹی اس بارے میں فیصلہ کرے گی مگر ہمیں نہیں لگتا کہ ان کے ساتھ اتحاد ہو سکتا ہے۔

پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی تردید

پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے ترجمان ضیاء اللہ بنگش نے بھی خبر کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ ’چیئرمین پرویز خٹک اور وائس چیرمین محمود خان سے کسی کا رابطہ نہیں ہوا اور نہ ایسی کوئی بات کی گئی ہے تاہم اگر کوئی بات چیت کرنا چاہے تو راستے کُھلے ہوئے ہیں۔‘

نو منتخب ایم این اے ارباب شیر علی نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ ایک اور جماعت سے بات چیت چل رہی ہے (فوٹو: اے پی پی)

پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے ایک اور رہنما دلروز خان کا کہنا تھا کہ اتحاد سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی تاہم اگر پی ٹی آئی اتحاد کرتی ہے تو انہیں فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی ہمارے پرانے ساتھی ہیں اور منشور بھی ایک جیسا ہے۔ اگر وہ مل کر حکومت کرتے ہیں تو ان کو مخصوص نشستیں مل جائیں گی اور ایوان میں مزید مستحکم پوزیشن پر آجائیں گے۔‘
واضح رہے کہ اب تک غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے 89 امیدوار جبکہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے دو امیدوار صوبائی اسمبلی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

شیئر: