مصری اداکارہ لیجنڈ گلوکارہ ام کلثوم کی زندگی پر فلم میں جلوہ گر ہوں گی
مصری اداکارہ لیجنڈ گلوکارہ ام کلثوم کی زندگی پر فلم میں جلوہ گر ہوں گی
منگل 20 فروری 2024 18:23
معروف فلم ساز مروان حمید ’الست‘ (دی لیڈی) فلم کی ہدایت کاری کریں گے۔ فائل فوٹو انسٹاگرام
مصری اداکارہ مونا ذکی لیجنڈ گلوکارہ ام کلثوم کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں کام کرنے والی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے فلم پروڈکشنز میں عرب سنیما کو فروغ دینے کے لیے بگ ٹائم انویسٹمنٹ کے نام سے فلم فنڈ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس اقدام کے تحت افتتاحی پروجیکٹ مصری لیجنڈ گلوکارہ ام کلثوم کی زندگی سے متعلق ہو گا جنہیں چوتھا اہرام، مشرق کا ستارہ، عربوں کی ماں اور عرب گلوکارہ مانا جاتا ہے۔
مصر کے معروف فلم ساز و ہدایت کار مروان حمید ’الست‘ (دی لیڈی) نامی فلم کی ہدایت کاری کریں گے جس میں معروف مصری اداکارہ مونا ذکی ام کلثوم کا کردار نبھائیں گی۔
سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی الشیخ کی جانب سے اس فنڈ کے حوالے سے اعلان قاہرہ میں ہوا ہے۔
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی اس کے لیے تقریباً 130 ملین ڈالر کا فنڈ مختص کرے گی۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وزارت ثقافت فلم فنڈ کے لیے سپانسر کے طور پر کام کرے گی، اس کے ساتھ کئی سعودی کمپنیاں بھی فنڈ میں حصہ لیں گی۔
مختلف سعودی کمپنیوں میں سیلا سٹوڈیو، ایس ایم سی کمپنی، روتانا آڈیو ویژول کمپنی اور بینچ مارک کے نام شامل ہیں۔
بگ ٹائم انویسٹمنٹ کے نام سے فلم فنڈ کا مقصد ایک سال میں تقریباً 20 عربی ٹائٹلز کو پردہ سکرین پر لانا ہے۔