پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں مسلم لیگ ن حکومت بنانے جا رہی اور اس حوالے سے پارٹی کی جانب سے مریم نواز کو وزارت اعلی کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔
بدھ کے روز مریم نواز نے جاتی عمرا میں اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ن کے پنجاب کے تمام نو منتخب اراکین اسمبلی کو مدعو کیا اور انہیں ظہرانہ دیا۔
نئے آنے والے اراکین کے لیے جاتی عمرا پیلس کے سبزہ زار میں ظہرانے کا بندوبست کیا گیا تھا۔ جبکہ خواتین اور اقلیتی نشستوں کے امیدوار بھی مدعو کیے گئے تھے۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شریک لیگی رہنما طاہر خلیل سندھو نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’اجلاس میں وہ تمام 156 اراکین صوبائی اسمبلی موجود تھے جو پارٹی ٹکٹ یا آزاد حیثیت میں منتخب ہونے کے بعد پارٹی میں شامل ہوئے۔ صوبے میں اکثریت پارٹی کے پاس آچکی ہے اور اب اس کا باقاعدہ عملی مظاہرہ کر دیا گیا ہے۔ حکومت سازی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
بلوچستان میں حکومت سازی: اشارے پیپلز پارٹی کے حق میں جا رہے ہیںNode ID: 838331
خیال رہے کہ مسلم لیگ نے عام انتخابات 2024 میں پنجاب اسمبلی کی 137 نشستیں حاصل کی تھیں۔ تاہم اب تک 19 آزاد اراکین بھی جیتنے کے بعد مسلم لیگ ن میں شامل ہو چکے ہیں۔
دوسری طرف تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 105 اراکین نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے لیے بیان حلفی الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کروا دیے ہیں۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے 115 حمایت یافتہ آزاد اراکین ان انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے جاتی عمرا میں نو منتخب اراکین کو دو بجے کا وقت دیا گیا تھا۔ تمام اراکین وقت پر ہی پہنچ گئے۔ مریم نواز جن کا پارلیمانی سیاست کا یہ پہلا تجربہ ہے انہوں نے نو منتخب اراکین کو مبارکباد دی۔
نو منتخب اراکین سے اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ترقی کو وہیں سے شروع کیا جائے گا جہاں سے شہباز شریف چھوڑ کر گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’اگلے پانچ سالوں میں پنجاب میں ایک لاکھ نئے گھر بنائے جائیں گے۔ ہم نے اپنی ترجیحات کا روڈ میپ تیار کر لیا ہے۔ تمام ایم پی ایز میرے بازو اور طاقت ہوں گے۔ صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر، زراعت، آئی ٹی اور لا اینڈ آرڈر کو شعبوں میں ہر حلقے تک جائیں گے اور لوگوں کی خدمت کریں گے۔‘
