Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تفریحی شعبے کا معیشت اور ملازمت کے مواقع پیدا کرنے میں کردار

تفریحی مواد تخلیق کرنے میں میڈیا کا بنیادی کردار ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی دارالحکومت ریاض میں جاری سعودی میڈیا فورم کے مختلف سیشنز میں میڈیا کے سماجی ومعاشی کردار پر مختلف زاویوں سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق فورم کے آخری روز ’سعودی عرب میں تفریحی مواد تخلیق کا فن‘ کے عنوان سے سیشن میں انٹرٹینمنٹ سیکٹر کے معیشت اور ملازمت کے مواقع پیدا کرنے میں کردار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیشن میں سعودی انٹرینمنٹ اتھارٹی کے سی ای او فیصل بافرط نے کہا کہ ’انٹرٹینمنٹ ایک منافع بخش سیکٹر بن گیا ہے، سعودی عرب میں وژن 2030 کے تحت اس شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کی تعداد 10 سے بڑھ کر 4 ہزار ہوگئی ہے جس میں ڈیڑھ لاکھ مستقل ملازمتیں ہیں۔‘
انہوں نے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے سیکٹر میں مسابقت کی اہمیت پر زور دیا۔
 انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سی ای او آپریشنز احمد المحمادی نے کہا کہ’ تفریحی مواد تخلیق کرنے میں میڈیا کا بنیادی کردار ہے۔ اتھارٹی کی کوشش ہے کہ انٹرٹینمنٹ کو معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچایا جائے، مختلف شعبوں اور سپورٹس سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو سعودی عرب لانا انہی کوششوں کا تسلسل ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مقامی اور بین الاقوامی سطح پر فعال صحافتی شراکت داری مقامی صحافتی وتفریحی انڈسٹری کو بہتر بنانے میں معاون ہوگی۔‘
 ’خواتین صحافیوں کی رواداری پر مبنی رپورٹنگ‘ کے عنوان سے سیشن میں الریاض اخبار کی نوال الجبر، العربیہ ٹی وی کی میزبان کریسٹینا بیسری اور میڈیا اسٹراٹیجک ماہر ایوجینیا ابو شامل تھیں۔
شرکا نے اہم مسائل اور واقعات پر رپورٹنگ کے دوران انسانی پہلو اور بچوں کے حوالے سے خبروں پر توجہ دینے میں خواتین کے کردار کا ذکر کیا، جبکہ مجموعی طور پر مکالمے اور روداری کو فروغ دینے میں خواتین کی کوششیں بھی زیر غور آئیں۔
علاوہ ازیں سیشن میں سعودی حکومت کی جانب سے روداری کو فروغ دینے اور خواتین کو با اختیار بنانے کی کوششوں کو سراہا گیا۔

شیئر: