پاکستان سپر لیگ میں کرکٹ مداحوں کی دلچسپی، شوبز ستارے کیا کہتے ہیں؟
پاکستان سپر لیگ میں کرکٹ مداحوں کی دلچسپی، شوبز ستارے کیا کہتے ہیں؟
جمعہ 23 فروری 2024 14:32
عنبرین تبسم
پوری دنیا میں کرکٹ کی دیوانگی پائی جا تی ہے۔ چھوٹا، بڑا، بچہ، بوڑھا ہر کوئی کرکٹ میچ کو شوق سے دیکھتا اور انجوائے کرتا ہے۔ پاکستان میں پی ایس ایل گزشتہ 9 برس سے شائقین کرکٹ کو اپنے سحر میں جکڑے ہوئے ہے۔
پی ایس ایل کا نواں ایڈیشن کامیابی سے جاری ہے، دنیا بھر سے کھلاڑیوں نے پاکستان کا رخ کیا ہے اور اپنی پرفارمنس سے شائقین کرکٹ کا دل جیت رہے ہیں۔
ہر شعبے کی طرح کرکٹ کا کریز شوبز انڈسٹری میں بھی پایا جاتا ہے۔ ’اردو نیوز‘ نے چند ایک شو بز شخصیات سے جاننا چاہا کہ وہ اس بار پی ایس ایل میں کس ٹیم اور کھلاڑی کو سپورٹ کر رہے ہیں۔
معروف اداکار، ماڈل اور پروڈیوسر میکال ذوالفقار نے کہا کہ پی ایس ایل شروع ہو چکا ہے۔ ’آپ سب بھی میری طرح میچز دیکھیں، میں لاہور قلندر کو سپورٹ کر رہا ہوں اور کون سا کھلاڑی میرا فیورٹ ہے یہ تو میں میچز دیکھ کر ہی بتاؤں گا۔‘
سینیئر اداکار افتخار ٹھاکر نے کہا کہ ’پی ایس ایل شروع ہونے کا آپ سب کو ریمائنڈ ر دے رہا ہوں۔ دنیا بھر سے کھلاڑی پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ اگر آپ کرکٹ کے فین ہیں تو آپ کرکٹ کے میدانوں سے دور کیوں ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں کسی ایک ٹیم کو سپورٹ نہیں کرتا، میں سب ٹیموں اور کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتا ہوں۔ میں سب سے محبت کرتا ہوں، سب میرے پسندیدہ اور میرے دوست ہیں۔‘
اداکارہ فضا علی کے مطابق پاکستان میں ہر طرف پی ایس ایل کی دھوم ہے۔ فوٹو: فضا علی انسٹاگرام
معروف اداکارہ و ٹی وی میزبان فضا علی نے کہا کہ پی ایس ایل کا جنون چل رہا ہے، ہر طرف کرکٹ کی دھوم مچی ہوئی ہے اور اسی کی ہر طرف بات ہو رہی ہے۔
’میں لاہور قلندر کو سپورٹ کر رہی ہوں۔ میں کرکٹ میچز کو دیکھتی اور پسند کرتی ہوں۔ آ پ بھی پی ایس ایل کے دور کو انجوائے کریں۔‘
احمد بلال نے کہا کہ پی ایس ایل ہو رہا ہے پاکستان میں کیا دنیا میں جتنی بھی کرکٹ لیگز ہوتی ہیں وہ کرکٹ کو فروغ دینے اور انجوائے کرنے کے لیے ہوتی ہیں۔ ’پاکستان بھی اس ریس میں کسی سے پیچھے نہیں ہے، میں لاہور قلندر کو سپورٹ کرتا ہوں اور فخر زمان میرا پسندیدہ کھلاڑی ہے، میری سب کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔‘
فلم اور ڈرامہ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی پی ایس ایل کے میچز شوق سے دیکھتی ہیں۔ فوٹو: میکال ذوالفقار انسٹاگرام
گلوکار نعمان جاوید نے کہا کہ ’پی ایس ایل کے میچز کے لیے میں سپر ایکسائیٹڈ ہوں، میچز ہو رہے ہیں اور میں بہت سارے میچز دیکھوں گا بھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’شاہین شاہ آفریدی میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں اور وہ لاہور قلندر کے کیپٹن بھی ہیں۔ ملک میں اس وقت جو سیاسی صورتحال ہے اس کے باوجود ہم مضبوط ہیں اور ترقی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔، میں کرکٹ اور پلئیرز کا مداح ہوں، پاکستان زندہ باد۔‘