سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اس موقع پرشیخ عبدالرحمن السدیس نے مختصر خطاب کرتے ہوئے شاہی مہمانوں کو عمرہ کی ادائیگی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے انہیں روز مرہ کے امور میں میانہ روی اختیار کرنے پرزوردیا۔
شیخ السدیس نے مزید کہا ہمیں اپنی زندگیوں میں قران کریم اور سنت نبوی ﷺ پر عمل کرتے رہنا چاہئے ، اسلام انتہا پسندی اور دہشتگردی کو ہر سطح پر مسترد کرتا ہے۔
شاہی مہمانوں سے ملاقات میں شیخ السدیس نے مزید کہا ’ ہم اعتدال پسند ملت ہیں جو قرآن کریم اور سنت سے اپنی راہ متعین کرتے ہیں، اسلامی اتحاد اور مذہبی بھائی چارہ دین اسلام کے اہم ستون ہیں، ہمارا رب ایک ، رسول ایک اور قبلہ بھی ایک ہی ہے‘۔
واضح رہے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ضیافت میں 16 ممالک سے 250 افراد پر مشتمل تیسرے گروپ کے ارکان مدینہ منورہ میں مختصر قیام کے بعد مکہ مکرمہ پہنچے جہاں انہوں نے عمرہ ادا کیا۔
شاہی مہمانوں کی دیکھ بھال کے جملہ فرائض وزارت اسلامی امور کی جانب سے ادا کیے جارہے ہیں۔ شاہی مہمانوں کو مکہ مکرمہ کے مختلف تاریخی و اسلامی مقامات کی زیارت بھی کرائی جائے گی ۔