دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان سپر لیگ کے 12ویں میچ میں پشاور زلمی نے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو آٹھ رنزسے شکست دے دی۔
راسی وینڈر ڈوسن کی سینچری بھی قلندرز کے کام نہ آئی۔ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں لاہور کو مسلسل پانچویں شکست سے دوچار ہونا پڑا۔
اتوار کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی نے صائم ایوب کے 88 رنز کی بدولت 212 رنز کا بڑا ہدف دیا۔
بڑے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز ہی بنا سکی۔ پی ایس ایل نو میں 212 سکور اب تک کا سب سے بڑا ہدف ہے۔
راسی وینڈر ڈوسن کی طرف سے بنائی گئی سینچری بھی رواں سیزن میں کسی بھی کھلاڑی کی طرف سے بنائی گئی پہلی سینچری ہے۔
مزید پڑھیں
لاہور قلندرز کی اننگز
212 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو صاحبزادہ فرحان 15 رنز بنا کر نوین الحق کی گیند پر حسیب اللہ خان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
فخر زمان ایک مرتبہ پھر اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، وہ صرف چارسکور بنا کرلُوک وُڈ کا شکار بنے اور یوں شروعات میں ہی لاہور کا بیٹنگ آرڈر لڑکھڑا گیا۔
ون ڈاؤن آنے والے راسی وینڈر ڈوسن پچ پر اترے تو قلندرز کی جیت کی امید بننے لگی۔ انہوں نے سات چوکوں اور چھے چھکوں کی مدد سے 52 گیندوں پر104 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
RVD
1st Century of #HBLPSL9#KhulKeKhel #QalandarBrothers #LQvPZ pic.twitter.com/twyYy5gsGZ— Lahore Qalandars (@lahoreqalandars) February 25, 2024
شائے ہوپ 29 رنز کی اننگز کھیل کرسلمان ارشاد کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
احسن حفیظ 20 سکور بنا کر نوین الحق کی گیند پر صائم ایوب کے کیچ کرنے سے آؤٹ ہوئے۔
جہان داد خان نے 13 اور سکندر رضا نے ایک رنزبنایا جبکہ کارلوس بریتھ ویٹ چھ رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے۔
پشاور زلمی کے نوین الحق دو جبکہ سلمان ارشاد، لُوک وُڈ اور پاؤل ولٹر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی کی اننگز
پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب اور بابراعظم میدان میں اترے تو آج ان کے تیور ہی بتا رہے تھے کہ قلندرز کے بولرز کے یہ آسان میچ نہ ہو گا۔ دونوں بلے بازوں نے ابتدائی اوورز سے ہی بولرز کو آڑھے ہاتھوں لیا اور چوکوں چھکوں کی برسات کر دی۔
صائم ایوب اور بابر اعظم کی 100 سے زائد کی شراکت داری نے زلمی کے بڑا سکور بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔
