ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ابتدائی میچوں میں سعودی عرب نے کویت کو 97 رنز سے ہرا دیا تھا، دوسرے میچ میں اٹلی کی ٹیم نے سعودی ٹیم کو 52 رنز سے شکست دی۔
برمودا کی ٹیم کے لیے یہ ایک اہم جیت تھی جس نے راؤنڈ سکس میں جانے کے لیے اس کی امیدوں کو زندہ رکھا۔
سعودی عرب کے خلاف کھیلے گئے میچ میں برمودا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور44.3 اوورز میں 227 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔
برمودا ٹیم کے ابتدائی 4 کھلاڑی 46 کے سکور پر آؤٹ ہونے کے بعد کپتان ڈیلرے راولنز نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے 95 گیندوں پر 75 رنز بنائے، عثمان نجیب کی گیند پر وجیہ الحسن نے کیچ لے لیا۔
بردوا کی جانب سے ڈومینک صابر نے 45 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی 51 رنز پر انہیں وجیہ الحسن نے بولڈ کر دیا۔
سعودی عرب کی جانب سے عثمان نجیب اور زین العابدین نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں اور کپتان ہشام شیخ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سعودی ٹیم کے بلے بازوں نے 228 رنز کے ہدف کے لیے کھیل کا آغاز کیا لیکن 223 رنز بنا کر آخری اوور کی چوتھی گیند پر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔
سعودی ٹیم کے کپتان ہشام شیخ نے سب سے زیادہ 45 اور وجیہ الحسن نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے 41 رنز بنائے۔
میچ کے آخری لمحات انتہائی دلچسپ تھے جب سعودی ٹیم کو آخری تین گیندوں پر جیتنے کے لیے 5 رنز کی ضرورت تھی لیکن اشتیاق احمد کو دوسرے سکور بنانے کی کوشش میں ایلن ڈگلس جونیئر نے نہایت ہوشیاری سے رن آؤٹ کر دیا۔
برمودا کے آل راؤنڈر ڈومینک صابر نے 33 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں، انہیں نصف سنچری سکور کرنے اور 3 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔