پہلی باری این ٹی ایس کی ذریعے معاونین حج کی سلیکشن ہو رہی ہے: انیق احمد
انیق احمد نے حج 2024 کے دوران معاونین اور حج میڈیکل مشن کے انتخاب کے لیے جاری تحریری امتحان کا جائزہ لیا۔ (فوٹو: وزارت حج)
نگراں وزیر برائے مذہبی امور و حج انیق احمد نے کہا ہے کہ شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تاریخ میں پہلی باری نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے معاونین حج کی سلیکشن ہو رہی ہے۔
وزارت حج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اتوار کے روز نیشنل ٹیسٹنگ سروس سینٹر کے دورے کے موقع پر گفتگو میں انیق احمد کا کہنا تھا کہ وزارت نے عازمین حج کے لیے خدمات کی فراہمی کے معیار کو مثالی بنا دیا ہے۔
انیق احمد نے حج 2024 کے دوران معاونین اور حج میڈیکل مشن کے انتخاب کے لیے جاری تحریری امتحان کا جائزہ لیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آج ایک اہم کام کا آغاز ہو رہا ہے۔ معاونین حج کا انتخاب پہلی مرتبہ نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے ہو رہا ہے۔ پاکستانی معاونین اور ڈاکٹرز ہر سال حج ڈیوٹی پر جاتے ہیں۔ شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تاریخ میں پہلی باری این ٹی ایس کی ذریعے سلیکشن ہو رہی ہے۔ پچھلی دفعہ 794 معاونین تھے اس سال625 ہیں۔ ڈاکٹرز پچھلے سال بھی 540 تھے اور اس بار بھی 540 ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اس سال ہم حجاج کی بھرپور طریقے سے خدمت کرنے کی کوشش کریں گے۔ تحریری امتحان پاس کر کے آنے والے معاونین حج دوران حج مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔