آسٹریلوی ارب پتی کلائیو پامر کا ’ٹائٹینک 2‘ جہاز بنانے کا اعلان
کلائیو پامر کے مطابق ’اس جہاز پر 50 کروڑ سے ایک ارب ڈالر تک کی لاگت آئے گی‘ (فائل فوٹو: اے اے پی)
آسٹریلیا کے ارب پتی بزنس مین کلائیو پامر نے ’ٹائٹینک 2’ جہاز بنانے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ کے مطابق ارب پتی کلائیو پامر نے گذشتہ صدی میں غرق ہونے والے عظیم بحری جہاز ’ٹائٹینک‘ کے مقابلے میں بہت بڑے جہاز ’ٹائٹینک 2‘ بنانے کا اعلان کیا ہے۔
کلائیو پامر نے اس بات کا اعلان بدھ کو سڈنی اوپرا ہاؤس میں کیا جہاں انہوں نے میڈیا کو اپنے نئے وژن سے متعلق بتایا۔
انہوں نے 10 برس قبل لندن کے رٹز ہوٹل میں پریس کانفرنس کر کے ایسے ہی جہاز کے بارے میں اپنے دیرینہ خواب کے بارے میں بتایا تھا۔
اُس وقت جب ایک رپورٹر نے کلائیو پامر سے پوچھا تھا کہ کیا اُن کا یہ اعلان کسی افواہ یا سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے ہے تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا تھا کہ ’میرے پاس ٹائٹینک جیسے 10 جہاز بنانے کے پیسے موجود ہیں۔‘
اس کے بعد پارمر نے بطور فیڈرل ایم پی کام کیا اور اپنی سیاسی پارٹی کو دوبارہ سے قائم کرتے ہوئے قانونی معاملات پر لاکھوں ڈالر خرچ کیے۔
ٹائٹینک ٹو پر کام 2015 میں پامر کی کمپنی اور چینی کمپنی سائٹک کے درمیان مالی معاملات کی ادائیگی پر تنازعے کے بعد روک دیا گیا تھا، تاہم 2018 میں ایک مرتبہ پھر اس بحری جہاز کو بنانے اور 2022 میں اسے سمندر میں اتارنے کا اعلان کیا گیا۔
بدھ کو اپنی پریس کانفرنس میں کلائیو پامر نے ٹائٹینک 2 میں ہونے والی تاخیر کا ذمہ دار کورونا وائرس کی وبا کو ٹھہرایا اور کہا کہ لوگوں کو میرا یقین کرنا چاہیے کیونکہ میرے پاس اب زیادہ پیسے ہیں۔
70 برس کے ارب پتی کہتے ہیں کہ ’میں ٹائٹینک کو بنا سکتا ہوں اور میں بناؤں گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’گھر پر فارغ بیٹھ کر پیسے گننے سے بہتر ہے کہ میں ٹائٹینک بناؤں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اس بات پر پُراعتماد ہیں کہ وہ آئندہ برس کے آغاز میں ہونے والی اس بیڑے کی تعمیر کے لیے شپ یارڈ حاصل کر لیں گے۔
اس بحری جہاز کا پہلا سفر جون 2027 میں 1912 میں غرق ہونے والے بدقسمت ٹائٹینک جہاز کی طرح ساؤتھمپٹن سے نیو یارک تک ہوگا۔
کلائیو پامر کے مطابق 56 ہزار ٹن وزن کے اس جہاز پر 50 کروڑ سے ایک ارب ڈالر تک کی لاگت آئے گی۔