بلوچستان کے کوہ جانداران کے جنگلات میں لگنے والی آگ کئی کلومیٹر رقبے پر پھیل گئی۔ حکام نے قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
آگ سے جڑی بوٹیوں، درختوں اور جنگلی حیات کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے فوج سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے آگ بجھوانے میں مدد کی درخواست کر دی۔
حکام کے مطابق یہ آگ پنجاب سے ملحقہ بلوچستان کے ضلع بارکھان اور کوہلو کے سرحد پر واقع جانداران کے پہاڑی سلسلے میں لگی ہے جو کئی کلومیٹر دور سے بھی نظر آ رہی ہے۔
مزید پڑھیں
-
’بھائیوں کو جلا ڈالا، بے رحم آگ نے سب کچھ چھین لیا‘Node ID: 671681
اسسٹنٹ کمشنر بارکھان رمضان اشتیاق نے اردو نیوز کو بتایا کہ سنیچر کو لگنے والی آگ اب تک 100 ایکڑ سے زائد رقبے تک پھیل چکی ہے جبکہ ڈسٹرک فارسٹ آفیسر زبیر کاکڑ کا دعویٰ ہے کہ آگ 200 ایکڑ رقبے پر پھیل گئی ہے۔
مقامی لیویز، ضلعی انتظامیہ ،ایف سی کے اہلکار اور مقامی نوجوان آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ کوئٹہ سے پی ڈی ایم اے کی ٹیم بھی پہنچ چکی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق آگ پہاڑ کی چوٹی پر لگی ہے اس لیے بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے فوج سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے آگ بجھانے میں مدد کی درخواست کی ہے تاہم کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہیلی کاپٹر نے پرواز نہیں کی۔
انہوں نے بتایا کہ آگ کے قریب رہنے والے پہاڑ کی بلندی پر کلی سیدان میں رہنے والے مقامی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
’آگ کے قریب مزید کوئی انسانی آبادی نہیں ہے اس کے باوجود لیویز کی ٹیموں نے پوری رات وہی گزاری تاکہ کسی ایمرجنسی کی صورت میں فوری کارروائی کر سکیں۔‘
