Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنیپ چیٹ پر جعلی سونے کے بسکٹ فروخت کرنے کی کوشش، ملزم گرفتار

جعلسازی پر دو برس قید اور چار لاکھ ریال جرمانے کی سزا مقرر ہے۔( فوٹو: عکاظ)
سعودی وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیم نے سوشل میڈیا پر جعلی سونے کے بسکٹ( سبیکے) فروخت کرنے والے جعل ساز کو گرفتار کیا ہے۔
ملزم نے اسنیپ چیٹ پر  جعلی سونے کے 7 بسکٹ ارزاں داموں فروخت کرنے کا اشتہار دیا تھا۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت کا کہنا ہے قیمتی دھاتوں کی جعل سازی کرنے پر قانون کے مطابق دو برس قید اور چار لاکھ ریال جرمانے کی سزا مقرر ہے۔
وزارت تجارت نے بتایا کہ ملزم  نے اسنیپ چیٹ پر جو سونے کے بسکٹ فروخت کرنے کے لیے پیش کیے تھے ان کا معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ سونے کے نہیں تھے بلکہ ایلیومینیم پر سونے کا پانی چڑھایا ہوا تھا۔
جعل ساز نے سوشل میڈیا پر اس طرح پیش کیا تھا کہ وہ اصلی سونے کے ظاہر ہوتے تھے۔ ملزم الخرج کمشنری میں انہیں فروخت کرنے کی تیاری میں تھا۔
ملزم کے خلاف مقدمہ دائر کرکے جعل سازی کا چالان پراسیکیوشن کے سپرد کردیا گیا۔ مزید تحقیقات مکمل کرنے کے بعد کیس کرمنل کورٹ کے حوالے کیا جائے گا۔

شیئر: