’جو رشوت مانگے اس کے سر پر اینٹ ماریں اور میرا نام لیں‘، علی امین گنڈاپور کا مشورہ
خیبرپختونخوا کے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جو رشوت مانگے عوام اس کے سر پر اینٹ مار دیں۔
منگل کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے سید علیاں میں فلاحی ادارے ’زمونگ کور‘ کے دفتر کا دورہ کیا اور بچوں میں تحائف تقسیم کیے۔
اس موقع پر کیے جانے والے خطاب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ رشوت لینے والے افسران کے خلاف سخت زبان استعمال کرتے ہوئے لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ’اگر کوئی افسر اپ سے رشوت مانگے تو اس کے سر پر اینٹ مارو اور میرا نام لیں کہ علی امین گنڈا پور نے ایسا کرنے کا کہا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سر پر اینٹ مار کر پھر میرے پاس آنا، رشوت لینے والا اور دینے والا دونوں جہنمی ہیں، اگر کوئی اس میں ملوث پایا گیا تو کوئی رعایت نہیں ہو گی۔‘
انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کے لیے جیل میں بند ہیں۔
’اب ہم نے ایسے کام کرنے ہیں کہ فرق نظر آئے، ہم اصلاح کریں گے اور معاشرے میں بہتری لائیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم انتقام لینے والے نہیں بلکہ اصلاح والے ہیں ہم طاقت کے باوجود بدلہ نہیں لیں گے بلکہ روایات کو بچائیں گے۔‘
ان کے بقول ’ہم تبدیلی والے ہیں، ہم میں اور باقیوں میں فرق ہونا چاہیے، ہم بے روزگاروں کو روزگار دیں گے اور غریبوں کی مدد کریں گے۔‘