Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں نئے ائمہ کے اعزاز میں افطار

شیخ بدر الترکی اور شیخ ولید الشمسان افطار پر مدعو تھے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
حرمین شریفین اتھارٹی میں دینی امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے تروایح وقیام کے لیے رواں سال مقرر ہونے والے نئے ائمہ کے اعزاز میں افطار کا اہتمام کیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق شاہی منطوری کے ذریعے تروایح اور قیام کی امامت کے لیے متعین شیخ بدر الترکی اور شیخ ولید الشمسان افطار پر مدعو تھے۔
اس موقع پر عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ ’انتظامیہ برائے دینی امور ائمہ کے مقام کو نمایاں کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر حرمین کے دینی اہداف حاصل کرنا اور زائرین کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔‘
افطار کے دوران ائمہ نے حرمین کے میانہ روی کے پیغام کو پھیلانے اور اعتدال و میانہ روی کی اقدار کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
شیخ بدر الترکی اور ولید الشمسان نے دینی امور کے سربراہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ’ وہ حرمین کے پیغام کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔‘
واضح رہے کہ ائمہ ومؤذنین حرمین کے کردار کو فروغ اور مقام کو نمایاں کرنے کا منصوبہ اسلام میں ’شوری‘ کے اصول کی عملی شکل ہے جس کا مقصد آرا اور تجاویز کا تبادلہ اور اہمیت کے حامل دینی منصوبوں کی توسیع ہے۔
منصوبے کے ذریعے حرمین کے مثبت پیغام کو رمضان المبارک میں فروغ دینے میں ائمہ کا کردار بڑھے گا۔
منصوبے کے متعلق شیخ السدیس نے کہا ’ یہ منصوبہ دینی امور انتظامیہ کے بنیادی منصوبوں میں شامل ہے جس کا مقصد میانہ روی اور اعتدال کے اقدار کی اہمیت کو اجاگر کرنا، رہنمائی کے پروگرام اور ائمہ کے دروس کے ذریعے رمضان میں زائرین کے روحانی سفر کو بہتر بنانا ہے۔‘

شیئر: